انوار اسلام |
س کتاب ک |
اسپرٹ وٹنکچر اسپرٹ وٹنکچر وغیرہ کے بارے میں ڈاکٹروں کی تحقیق ہے کہ یہ جوہرشراب ہیں؛ البتہ ان میں زہر کے اجزاء بھی پائے جاتے ہیں، جوچیز شراب ہو اس میں مفتی بہ قول کے مطابق کم وبیش کی کوئی تفریق نہیں ہے، کم ہوں یازیادہ حرام ہوں گے اور ناپاک بھی ہوں گے؛ اسی لیے اگریہ کپڑے وغیرہ پرلگ جائے تودھونا واجب ہوگا؛ چونکہ اس کا استعمال بطورِ دوا بھی ہوتا ہے توایسے وقت میں اگرکوئی متبادل دوا نہ ملے یااس کے حاصل کرنے کی استطاعت نہ ہو یااس کی تلاش تک مرض بڑھ جانے اور شدت اختیار کرلینے کی صورت میں اس کا استعمال کرنا درست ہوگا۔ اسپرٹ کا استعمال بعض ایسی چیزوں میں بھی ہوتا ہے جن کا بکثرت تعامل ہے اور ہمارے زمانے میں اس سے بچنا بہت مشکل ہے، مثلاً کپڑوں کے رنگ، روشنائی، رنگے ہوئے کپڑے وغیرہ ان کا استعمال بھی درست ہوگا، ایک تواس لیے کہ ان کا استعمال عام ہوگیا ہے اور (ابتلاءِ عام) کی صورت پیداہوگئی ہے جوفقہی احکام میں تخفیف کا باعث بن جاتا ہے، دوسرے جب وہ روشنائی وغیرہ میں پڑنے کے بعد گویا اپنی حقیقت کھودیتا ہے اور اس کی اصل ہی بدل جاتی ہے اور ناپاک چیز جب اس حد تک بدل جائے کہ اس کی پہلی حقیقت ہی باقی نہ رہے تواس کے بعد وہ ناپاک باقی نہیں رہتی۔ (جدید فقہی مسائل:۱/۱۰۷)