انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** معاملات معاملات میں سچائی اکل حلال وحقوق العبادکی اہمیت معاملات میں سچائی اور ایمانداری کی تعلیم بھی اسلام کی اصولی اور بنیادی تعلیمات میں سے ہے،قرآن سے اور رسول اللہؐ کی حدیثوں سے معلوم ہوتا ہے کہ اصلی مسلمان وہی ہے جو اپنے معاملات میں اور کاروبارمیں سچا اور ایماندارہو،عہدکاپکا اور وعدہ کا سچاہو،یعنی دھوکہ فریب اور امانت میں خیانت نہ کرتا ہو،کسی کاحق نہ مارتا ہو،ناپ تول میں کمی نہ کرتا ہو،جھوٹے مقدمے نہ لڑتا ہو اور نہ جھوٹی گواہی دیتا ہو،سودا اور رشوت جیسی تمام حرام کمائیوں سے بچتاہو اور جس میں یہ برائیاں موجود ہوں قرآن وحدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ خالص مومن اور اصلی مسلمان نہیں ہے بلکہ ایک طرح کا منافق ہے اور سخت درجہ کا فاسق ہے،اللہ تعالی ہم سب کو ان تمام بری باتوں سے بچائے، اس بارے میں قرآن وحدیث میں جو سخت تاکیدیں آئی ہیں ان میں سے چند ہم یہاں بھی درج کرتے ہیں،قرآن شریف کی مختصر سی آیت ہے: "یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَاْکُلُوْٓا اَمْوَالَکُمْ بَیْنَکُمْ بِالْبَاطِلِ"۔ (النساء:۲۹) اے ایمان والو!تم کسی غلط اورناجائز طریقے سے دوسروں کا مال نہ کھاؤ۔ اس آیت نے کمائی کے ان تمام طریقوں کو مسلمانوں کے لیے حرام کردیا ہے جو غلط اور باطل ہیں جیسے دھوکہ فریب کی تجارت ،امانت میں خیانت ،جوا،سٹہ اورسود،رشوت وغیرہ،پھر دوسری آیتوں میں الگ الگ تفصیل بھی کی گئی ہے،مثلا جودکانداراورسوداگرناپ تول میں دھوکہ بازی اوربے ایمانی کرتے ہیں ان کے متعلق خصوصیت سے ارشاد ہے: "وَیْلٌ لِّـلْمُطَفِّفِیْنَoالَّذِیْنَ اِذَااکْتَالُوْاعَلَی النَّاسِ یَسْتَوْفُوْنَoوَاِذَاکَالُوْہُمْ اَوْوَّزَنُوْہُمْ یُخْسِرُوْنَo اَلَا یَظُنُّ اُولئِکَ اَنَّہُمْ مَّبْعُوْثُوْنَo لِیَوْمٍ عَظِیْمٍo یَّوْمَ یَقُوْمُ النَّاسُ لِرَبِّ الْعٰلَمِیْنَ"۔ (المطففین:۱۔۶) ان کم دینے والوں کے لیے بڑی تباہی (اور بڑاعذاب ہے)جو دوسرے لوگوں سے جب ناپ کرلیتے ہیں تو پورالیتے ہیں اور جب دوسروں کے لیے ناپتے یا تولتے ہیں تو کم دیتے ہیں کیا ان کو یہ خیال نہیں ہے کہ وہ ایک بہت بڑے دن اٹھائے جائیں گے جس دن کہ سارے لوگ جزا وسزا کے لیے رب العالمین کے حضور میں حاضر ہوں گے۔ دوسروں کے حق اوردوسروں کی امانتیں اداکرنے کے لیے خاص طور سے حکم ملاہے: "اِنَّ اللہَ یَاْمُرُکُمْ اَنْ تُؤَدُّوا الْاَمٰنٰتِ اِلٰٓى اَھْلِھَا"۔ (النساء:۵۸) اللہ تعالی تم کو حکم دیتا ہے کہ جن لوگوں کی جو امانتیں (اورجوحق) تم پر ہوں وہ ان کو ٹھیک ٹھیک اداکرو۔ اور قرآن شریف ہی میں دو جگہ اصلی مسلمانوں کی یہ صفت اورپہچان بتلائی گئی ہے: "وَالَّذِیْنَ ہُمْ لِاَمٰنٰتِہِمْ وَعَہْدِہِمْ رٰعُوْنَ"۔ (المؤمنون:۸) وہ جو آمانتوں کے اداکرنے والے اور وعدوں کا پاس رکھنے والے ہیں۔ اورحدیث شریف میں ہے کہ رسول اللہﷺ اپنے اکثر خطبوں اوروعظوں میں فرمایاکرتے تھے کہ: "یادرکھو،جس میں امانت کا وصف نہیں، اس میں ایمان بھی نہیں اور جس کو اپنے عہداوروعدے کا پاس نہیں، اس کا دین میں کچھ حصہ نہیں"۔ (مسند احمد،مسند انس بن مالک رضی اللہ عنہ،حدیث نمبر:۱۱۹۳۵، شاملہ، موقع الإسلام) ایک اور حدیث میں ہے حضورصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "منافق کی تین نشانیاں ہیں:جھوٹ بولنا،امانت میں خیانت کرنااوروعدہ پورا نہ کرنا"۔ (بخاری،باب علامۃ المنافق،حدیث نمبر:۳۲ ، شاملہ، موقع الإسلام) تجارت اورسوداگری میں دھوکہ فریب کرنے والوں کے متعلق آپ نے فرمایا: "جودھوکہ بازی کرے وہ ہم میں سے نہیں"۔ (مسند احمد،مسند ابی ھریرہ رضی اللہ عنہ،حدیث نمبر:۶۹۹۱ ، شاملہ، موقع الإسلام) جودھوکہ بازی کرے وہ ہم میں سے نہیں اور مکر وفریب دوزخ میں لے جانے والی چیز ہے۔ (المعجم الکبیر للطبرانی،عن عبداللہ بن مسعودرضی اللہ عنہ ،حدیث نمبر:۱۰۲۳۴) یہ بات حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس وقت ارشاد فرمائی جب کہ ایک دفعہ مدینے کے بازار میں آپ نے ایک شخص کو دیکھا کہ بیچنے کے لیے اس نے غلے کا ڈھیر لگارکھا ہے لیکن اوپر سوکھا غلہ ڈال رکھا ہے اور اندر کچھ تری ہے اس پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا تھا کہ:ایسے دھوکہ باز ہماری جماعت سے خارج ہیں۔ پس جودوکاندار گاہکوں کو مال کا اچھا نمونہ دکھائیں اور جو عیب ہو اس کو ظاہر نہ کریں توحضور کی اس حدیث کے مطابق وہ سچے مسلمانوں میں سے نہیں ہیں اورخدانہ کرے وہ دوزخ میں جانے والے ہیں ایک اور حدیث میں ہے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "جو کوئی ایسی چیز کسی کے ہاتھ بیچے جس میں کوئی عیب اورخرابی ہو اور گاہک پروہ اس کو ظاہر نہ کرے ،تو ایسا آدمی ہمیشہ اللہ کے غضب میں گرفتار رہے گا(اور ایک روایت میں ہے) کہ ہمیشہ اس پر اللہ کے فرشتے لعنت کرتےرہیں گے"۔ (ابن ماجہ،باب من باع عیبا فلیبینہ ،حدیث نمبر:۲۲۳۸، شاملہ، موقع الإسلام) بہرحال اسلامی تعلیم کی رو سے تجارت اور کاروبار میں ہر قسم کی دغابازی اور جعلسازی حرام اور لعنتی کام ہے اور رسول اللہﷺ نے ایسا کرنے والوں سے اپنی بے تعلقی کا اعلان فرمایا ہے اور ان کو اپنی جماعت سے خارج بتلایا ہے۔ اسی طرح سود اور رشوت کا لین دین بھی(اگرچہ دونوں طرف کی رضا مندی سے ہو)قطعا حرام ہے اور ن کے لینے دینے والوں پر حدیثوں میں صاف صاف لعنت آئی ہے،سود کے متعلق تو مشہور حدیث ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اللہ کی لعنت ہوسودکے لینے والے پر اور دینے والے پر اور سودی دستاویز لکھنے والے پر اور اس کے گواہوں پر"۔ (نسائی،جز:۵،حدیث نمبر:۸۷۱۹، شاملہ، موقع الإسلام) اور اسی طرح رشوت کے بارے میں حدیث شریف میں ہے کہ: "رسول اللہﷺ نے لعنت فرمائی رشوت کے لینے والے پر اور دینے والے پر"۔ (ترمذی،باب ماجاء فی الراشی والمرتشی،حدیث نمبر:۱۲۵۶، شاملہ، موقع الإسلام) ایک حدیث میں یہاں تک ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ: جس شخص نے کسی آدمی کے لیے کسی معاملے میں(جائز) سفارش کی،پھر اس آدمی نے اس سفارش کرنے والے کو کوئی تحفہ دیا اور اس نے یہ تحفہ قبول کرلیا تو وہ سود کی ایک بڑی خراب قسم کے گناہ کا مرتکب ہوا۔ (ابو داؤد،باب فی الھدیۃ لقضاء الحاجۃ،حدیث نمبر:۳۰۷۴، شاملہ، موقع الإسلام) بہرحال رشوت اورسود کالین دین اور تجارت میں دھوکہ بازی اوربے ایمانی اسلام میں یہ سب یکساں طورپرحرام ہیں اور ان سب سے بڑھ کر حرام یہ ہے کہ جھوٹی مقدمہ بازی کے ذریعہ یامحض زبردستی سے کسی دوسرے کی کسی چیز پر ناجائز قبضہ کرلیا جائے، ایک حدیث میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جس شخص نے کسی کی زمین کے کچھ بھی حصے پر ناجائز قبضہ کیا تو قیامت کے دن اس زمین کی وجہ سے(اور اس کی سزامیں)زمین کے ساتوں طبق تک دھنسایا جائے گا"۔ (بخاری،اثم من ظلم شیئا من الارض،حدیث نمبر:۲۲۷۴، شاملہ، موقع الإسلام) ایک اور حدیث میں ہے کہ: جس شخص نے (حاکم کے سامنے)جھوٹی قسم کھاکر کسی مسلمان کی کسی چیز کوناجائز طریقے سے حاصل کرلیا تو اللہ نے اس کے لیے دوزخ کی آگ واجب کردی اورجنت اس کے لیے حرام کردی ہے ،یہ سن کر کسی شخص نے عرض کیا کہ یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اگرچہ وہ کوئی معمولی ہی چیز ہو؟آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ:ہاں اگرچہ وہ پیلو کے جنگی درخت کی ایک ٹہنی ہی کیوں نہ ہو۔ (مسلم،باب وعید من قتطع حق مسلم بیمین،حدیث نمبر:۱۹۶، شاملہ، موقع الإسلام) ایک اور حدیث میں ہے کہ رسول اللہﷺ نے ایک مقدمہ باز کو آگاہ کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ: "دیکھو !جو شخص جھوٹی قسم کھاکر کسی دوسرے کا کوئی بھی مال ناجائز طریقے سے حاصل کرے گا وہ قیامت میں اللہ کے سامنے کوڑھی ہوکر پیش ہوگا"۔ (ابو داؤد، باب فِيمَنْ حَلَفَ يَمِينًا لِيَقْتَطِعَ بِهَا مَالًا لِأَحَدٍ،حدیث نمبر:۲۸۲۳، شاملہ، موقع الإسلام) ایک اورحدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جس کسی نے کسی ایسی چیز پردعویٰ کیاجو واقعہ میں اس کی نہیں ہے تو وہ ہم میں سے نہیں ہے اور اسے چاہئے کہ دوزخ میں اپنی جگہ بنالے"۔ (مسلم،بَاب بَيَانِ حَالِ إِيمَانِ مَنْ رَغِبَ عَنْ أَبِيهِ وَهُوَ يَعْلَم،حدیث نمبر:۹۳، شاملہ، موقع الإسلام) اورجھوٹی گواہی کے متعلق ایک حدیث میں ہے کہ: حضور صلی اللہ علیہ وسلم ایک دن صبح کی نماز سے فارغ ہوکر کھڑے ہوگئے اور آپ نے ایک خاص انداز میں تین دفعہ فرمایا کہ جھوٹی گواہی شرک کے برابر کردی گئی ہے۔ (ابو داؤو،باب شہادۃ الزور،حدیث نمبر:۳۱۲۴، شاملہ، موقع الإسلام) حرام مال کی نجاست اورنحوست مال حاصل کرنے کے جن ناجائز اورحرام ذریعوں کا اوپر ذکر کیا گیا ہےان کے ذریعے جومال بھی حاصل ہوگا وہ حرام اورناپاک ہوگااورجوشخص اس کو اپنے کھانے پہننے میں استعمال کرے گا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ اس کی نمازیں قبول نہ ہوں گی،دعائیں قبول نہ ہوں گی ،حتی کہ اگر وہ اس سے کوئی نیک کام کرے گا تو وہ بھی اللہ کے یہاں قبول نہ ہوگا اور آخرت میں اللہ کی خاص رحمتوں سے وہ محروم رہےگا،ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جوشخص(کسی ناجائز طریقے سے)کوئی حرام مال حاصل کرے گا اور اس سے صدقہ کرے گا تواس کا یہ صدقہ قبول نہ ہوگااور اس میں سے جو کچھ (اپنی ضرورتوں اور مصلحتوں میں)خرچ کرےگااس میں برکت نہ ہوگی اور اگر اس کو ترکہ میں چھوڑ کر مرے گا تو وہ اس کے لیے جہنم کا توشہ ہوگا،یقین کرو کہ اللہ تعالی بدی کو بدی سے نہیں مٹاتا(یعنی حرام مال کو صدقہ گناہوں کی بخشش کا ذریعہ نہیں بن سکتا) بلکہ بدی کونیکی سے مٹاتا ہے کوئی ناپاکی دوسری ناپاکی کو ختم کرکے اس کو پاک نہیں کر سکتی"۔ (مسند احمد ،مسند عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ،حدیث نمبر:۳۴۹۰، شاملہ، موقع الإسلام) ایک دوسری حدیث میں ہے ،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایاکہ: "اللہ تعالی خودپاک ہے اور وہ پاک اورحلال مال ہی کو قبول کرتا ہے، پھر آخرحدیث میں آپ نے ایک ایسے شخص کاذکرفرمایا،جودوردرازکاسفرکرکے(کسی خاص متبرک مقام پر دعاکرنے کے لیے)اس حال میں آئے کہ اس کے بال پراگندہ ہوں اور سر سے پاؤں تک وہ غبار میں اٹا ہواہواور آسمان کی طرف دونوں ہاتھ اٹھااٹھاکے وہ خوب الحاح کے ساتھ دعا کرے اور کہے ،اے میرے رب !اے میرے رب! اے میرے پروردگار!لیکن اس کا کھانا پینا مال حرام سے ہو اور اس کا لباس بھی حرام ہو اورحرام مال ہی سے اس کی پرورش ہوئی ہو تو اس حالت میں اس کی یہ دعاکیونکر قبول ہوگی"۔ (مسلم،باب قبول الصدقۃ من الکسب الطیب،حدیث نمبر:۱۶۸۶، شاملہ، موقع الإسلام) مطلب یہ ہے کہ جب کھانا پہننا سب حرام مال سے ہو تو دعاکی قبولیت کا کوئی استحقاق نہیں رہتا ،ایک دوسری حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اگرکوئی شخص ایک کپڑا دس درہم میں خریدےاور ان دس میں سے ایک درہم حرام ذریعے سے آیاہواہو تو جب تک وہ کپڑا جسم پر رہےگا اس شخص کی کوئی نماز بھی اللہ کے ہاں قبول نہ ہوگی"۔ (مسند احمد،مسند عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ،حدیث نمبر:، شاملہ، موقع الإسلام ۵۴۷۳) ایک اورحدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جو جسم حرام مال سے پلاہو،وہ جنت میں نہ جاسکے گا"۔ (مسند احمد،مسند جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ،حدیث نمبر:۱۳۹۱۹، شاملہ، موقع الإسلام) بھائیو!اگرہمارے دلوں میں ذرہ برابر بھی ایمان ہے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ان ارشادات کے سننے کے بعد ہم کو قطعی طورسے طے کرلینا چاہئے کہ خواہ ہمیں دنیا میں کیسی ہی تنگدستی اور تکلیف سے گزارا کرنا پڑے ہم کسی ناجائز اور حرام ذریعہ سے کبھی کوئی پیسہ حاصل کرنے کی کوشش نہیں کریں گے اور بس حلال آمدنی ہی پر قناعت کریں گے۔ پاک کمائی اورایماندارانہ کاروبار پھر اسلام میں جس طرح کمائی کے ناجائز طریقوں کو حرام اور ان سے حاصل ہونے والے مال کو خبیث اور ناپاک قراردیا گیا ہے اسی طرح حلال طریقوں سے روزی حاصل کرنے اور ایمانداری کے ساتھ تجارت اورکاروبار کرنے کی بڑی فضیلت بتائی گئی ہے، ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "حلال کمائی کی تلاش بھی دین کے مقررہ فرائض کے بعد ایک فریضہ ہی ہے"۔ (بیہقی،الستون من شعب الایمان،حدیث نمبر،:۸۴۸۲، شاملہ، موقع الإسلام) ایک دوسری حدیث میں اپنی محنت سے روزی کمانے کی فضیلت بیان کرتے ہوئے آپ نے ارشاد فرمایا کہ: "کسی نے اپنی روزی اس سے بہتر طریقے سے حاصل نہیں کی کہ خود اپنے دست وبازو سے اس کے لیے اس نے کام کیا ہو، اور اللہ کے نبی داؤد علیہ السلام کا طریقہ یہی تھا کہ وہ اپنے ہاتھ سے کچھ کام کرکے اپنی روزی حاصل کرتےتھے"۔ (بخاری،کسب الرجل وعملہ بیدہ،حدیث نمبر:۱۹۳۰، شاملہ، موقع الإسلام) ایک اور حدیث میں ہے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایاکہ: "سچائی اورایمانداری کے ساتھ کاروبارکرنے والاتاجر(قیامت میں)نبیوں،صدیقوں اورشہیدوں کے ساتھ ہوگا"۔ (ترمذی،باب ماجاء فی التجارہ،حدیث نمبر:۱۱۳۰، شاملہ، موقع الإسلام) معاملات میں نرمی اوررحم دلی مالی معاملات اورکاروبار میں جس طرح سچائی اور ایمانداری پر اسلام میں بہت زیادہ زوردیا گیا ہے اور اس کو اعلی درجہ کی نیکی اور ذریعہ قرب خداوندی قراردیاگیا ہے،اسی طرح اس کی بھی بڑی ترغیب دی گئی ہے اور بڑی فضیلت بیان کی گئی ہے کہ معاملہ اورلین دین میں نرمی کا رویہ اختیار کیا جائے اور سخت گیری سے کام نہ لیا جائے، ایک حدیث میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "اللہ کی رحمت ہو اس بندے پر جو خریدوفروخت میں اور دوسروں سے اپنا حق وصول کرنے میں نرم ہو"۔ (بخاری،باب السہولۃ والسماحۃ فی الشراء،حدیث نمبر:۱۹۳۴، شاملہ، موقع الإسلام) ایک دوسری حدیث میں ہے،آپ نے ارشاد فرمایا: "جو آدمی اللہ کے کسی غریب اورتنگدست بندے کو(قرض کی ادائیگی میں)مہلت دے دیا(کلی یاجزئی طورپراپنامطالبہ)معاف کردے تو اللہ تعالی اس کو قیامت کے دن کی پریشانیوں سے نجات عطافرمادے گا"۔ (مسلم،باب فضل انظار المعسر،حدیث نمبر:۲۹۲۳ ، شاملہ، موقع الإسلام) ایک دوسری روایت میں ہے کہ: "قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اس کو اپنے سایۂ رحمت میں جگہ دے گا"۔ (مسلم،باب حدیث جابر الطویل،حدیث نمبر:۵۳۲۸، شاملہ، موقع الإسلام) حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ان ارشادات کا تعلق تو تاجروں اور ان دولت مندوں سے ہے جن سے تنگ حال لوگ اپنی ضرورتوں کے لیے قرض لے لیتے ہیں،لیکن جو لوگ کسی سے قرض لیں،خود ان کو رسول صلی اللہ علیہ وسلم اس کی انتہائی تاکید فرماتے تھے کہ جہاں تک ہوسکے وہ جلد سے جلد قرض اداکرنے کی کوشش کریں، اورایسا نہ ہوکہ قرض دار ہونے کی حالت میں دنیا سے چلے جائیں اور اللہ کے کسی بندے کا حق ان کے ذمہ باقی رہ جائے اس بارے میں آپ جتنی سختی فرماتے تھے اس کا اندازہ حضورصلی اللہ علیہ وسلم کے ان ارشادات سے ہوسکتا ہے، ایک حدیث میں ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگرآدمی راہ خدا میں شہید ہوجائے تو شہادت کے طفیل اس کے سارے گناہ بخش دئے جائیں گے،لیکن اگرکسی کا قرض اس کےذمہ ہے تو اس سے اس کی گردن شہید ہونےکےبعد بھی نہ چھوٹے گی"۔ (مسلم،باب مَنْ قُتِلَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ كُفِّرَتْ خَطَايَاهُ إِلَّا الدَّيْن،حدیث نمبر:۳۴۹۸، شاملہ، موقع الإسلام) ایک اور حدیث میں ہے،آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "اس پروردگار کی قسم! جس کے قبضے میں محمد ﷺ کی جان ہے؛اگر کوئی شخص راہ خدا میں شہید ہو،پھر زندہ ہو اور پھر شہید ہواورپھرزندہ ہواور پھرشہیدہو اور پھر اس کے ذمے کسی کا قرض باقی ہو،تو(اس قرض کے فیصلے کے بغیر)وہ بھی جنت میں نہیں جاسکے گا"۔ (مسند احمد،محمد بن عبداللہ بن جحش،حدیث نمبر:۲۱۴۵۵، شاملہ، موقع الإسلام) مالی معاملات اورحقوق العباد کی نزاکت کا اندازہ کرنے کے لیے بس یہی دوحدیثیں کافی ہیں،اللہ تعالی توفیق دے کہ ہم بھی ان کی اہمیت اور نزاکت کو سمجھیں اورہمیشہ اس کی کوشش کرتے رہیں کہ کسی بندے کا کوئی حق ہماری گردن پر نہ رہ جائے۔