انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** پانی سے متعلق معجزات انگلیوں سے پانی کاچشمہ صحیحین میں حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ مقام حدیبیہ میں صحابہ کرام کو پیاس کی شدت محسوس ہوئی ،نبی کریمﷺ کے پاس ایک لوٹا تھا جس سے آپﷺ نے وضو فرمایا تھا لوگوں نے عرض کیا کہ ہمارے لشکر میں پینے اور وضو کرنے کے لیے بالکل پانی نہیں ہے بس وہی تھوڑا سا پانی ہے جو آپ کے لوٹے میں وضو سے بچ گیا ، آنحضورﷺ نے اپنا مبارک ہاتھ لوٹے میں ڈال دیا تو آپﷺ کی انگلیوں سے چشمے کی طرح پانی ابلنے لگا،تمام صحابہ نے وضو کیا اور خوب پانی پیا، حضرت جابرؓ سے پوچھا گیا کہ اس لشکر میں کتنے آدمی تھے انہوں نہ کہا کہ ہم لوگ پندرہ سو آدمی تھے؛ لیکن ایک لاکھ ہوتے تب بھی یہ پانی کافی ہوجاتا، اس طرح کا معجزہ حضرت موسیؑ سے بھی ظاہر ہوا تھا کہ چھڑی مارتے ہی پتھر سے پانی کے چشمے نکل پڑے تھے؛ لیکن آنحضور ﷺکا یہ معجزہ حضرت موسیؑ سے بھی افضل ہے کیونکہ عام طور پر عادۃ پتھروں سے پانی نکلا ہی کرتا ہے جیسا کہ اللہ تعالی نے فرمایا : وَإِنَّ مِنَ الْحِجَارَةِ لَمَا يَتَفَجَّرُ مِنْهُ الْأَنْهَارُ وَإِنَّ مِنْهَا لَمَا يَشَّقَّقُ فَيَخْرُجُ مِنْهُ الْمَاءُ۔ (البقرۃ:۷۴) بے شک بعض پتھر ایسے ہیں کہ ان میں سے پانی کے چشمے نکلتے ہیں ،بعض پتھر پھٹ جاتے ہیں اور ان میں سے پانی بہہ نکلتا ہے۔ لیکن گوشت پوست سے پانی نکلنا کبھی نہیں ہوتا اس لیے آنحضور ﷺ کا یہ معجزہ بہت عجیب ہے پھر وہاں عصاکو پتھر پر مارنے سے پانی نکلتا تھا اور یہاں دست مقدس کی انگلیاں چشموں کا کام دےرہی تھیں یہ حضورﷺ کے معجزے کی امتیازی شان ہے۔ صحیحین میں حضر ت انسؓ سے وایت ہے کہ نبی کریمﷺ مدینہ کے قریب مقام روا پر تشریف فرما تھے ،آپ کی خدمت میں پانی کا ایک برتن لایاگیاآپﷺ نے اپنا مبارک ہاتھ برتن میں رکھ دیا؛ چنانچہ آپﷺ کی مبارک انگلیوں سے پانی کا فوارہ ابلنے لگا تین سو کے قریب آدمی تھا سب نے اس پانی سے وضو کیا۔ بخاری شریف میں حضرت عبداللہ بن مسعودؓ سے روایت ہے کہ ہم لوگ آنحضورﷺ کے معجزات کو برکت اور خوشحالی کی علامت سمجھتے تھے اور تم لوگ سمجھتے ہو کہ معجزات ڈرانے کے لیے ہیں، پھرحضرت ابن مسعودؓ نے واقعہ بیان کیا کہ ہم نبی کریمﷺ کے ساتھ ایک سفر میں تھے پانی تھوڑا سا رہ گیا تھا ،آپﷺ نے بچا ہوا پانی منگوایا اور اپنا مبارک ہاتھ اس میں ڈال دیا اور فرمایا کہ پاک کرنے والے پانی اور اللہ تعالی کی برکت حاصل کرو اور لو یہ پاک پانی اور اللہ کی برکت ہے، حضرت ابن مسعود ؓکہتے ہیں کہ نبی کریمﷺ کی انگلیوں سے پانی جوش مارکر نکلتے ہوئے میں نےخود دیکھا اور یہ بھی حقیقت ہے کہ ہم نے کھانا کھاتے وقت کھانے کی تسبیح کی آواز سنی بخاری شریف کی اس روایت میں آنحضورﷺ کے دو معجزے مذکور ہیں ایک انگشتہائے مبارک سے پانی کا نکلنا دوسرے کھانے کی تسبیح کا سننا۔