انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** پھلوں کی دعاؤں کا بیان حضرت ابو ہریرہؓ سے مروی ہے کہ آپ ﷺ کی خدمت اقدس میں حضرات صحابہ کرام پھل پیش کرتے اورآپ اسے لیتے تو یہ دعاء فرماتے اَللّٰھُمَّ بَارِکْ لَنَا فِیْ ثَمَرِنَا وَبَارِکْ لَنَا فِیْ مَدِیْنَتِنَا وَبَارِکْ لَنَا فِیْ صَاعِنَا وَبَارِکْ لَنَا فِیْ مُدِّنَا (مختصرا،ابن سنی:۲۷۹) ترجمہ: اے اللہ ہمارے پھل میں برکت عطا فرما،ہمارے شہر میں برکت عطا فرما،ہمارے صاع میں برکت عطا فرما اورہمارے مد میں برکت عطا فرما۔ حضرت ابن عباسؓ سے مروی ہے کہ جب آپ ﷺ کے پاس پہلاپھل آتا تو آپ اسے دونوں آنکھوں پر رکھتے پھر یہ دعاء فرماتے اَللّٰھُمَّ کَمَا اَطْعَمْتَنَا اَوَّلَہُ فَاطْعِمْنَا آخِرَہ (مجمع الزوائد:۵/۳۸) پھر گھر کے کسی چھوٹے بچے کو دےدیتے ترجمہ: اے اللہ جیساکہ آپ نے اس کی ابتداء میں کھلایا اسی طرح آخر میں بھی کھلا۔ حضرت ابو سعید ؓ کی روایت ہے کہ آپ ﷺ کو دیکھا کہ جب موسم کا پہلا پھل آتا تو آپ آنکھوں سے لگاتے ہونٹوں پر رکھتے پھر یہ دعاء فرماتے۔ اَللّٰھُمَّ کَمَا اَرَایْتَنَا اَوَّلَہُ اَرِنَا آخِرَہُ پھر پاس میں سے کسی بچے کو دےد یتے ترجمہ: اے اللہ جس طرح موسم کا پہلا(پھل) دکھلایا(کھلایا)اسی طرح آخر کا بھی د کھلا۔ (سبل الہدیٰ:۷/۲۰۴) حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ جب آپ ﷺ کی خدمت میں پہلا پھل پیش کیا جاتا تو یہ دعاء فرماتے اَللّٰھُمَّ بَارِکْ لَنَا فِیْ مَدِیْنَتِنَا وَفِیْ ثِمَارِنَا وَفِیْ مُدِّنَا وَفِیْ صَاعِنَا بَرْکَۃَ مَعْ بَرَکَۃٍ ترجمہ: اے اللہ ہمارے شہر میں پھلوں میں ،ہمارے مد اورصاع(وزن وپیمائش) میں برکت عطا فرما اورخوب برکت پر برکت عطا فرما۔ (مسلم:۱/۴۴۲)