انوار اسلام |
س کتاب ک |
اسپرٹ وٹنکچر کا کیا حکم ہے؟ اسپرٹ وٹنکچر وغیرہ کے بارے میں ڈاکٹروں کی تحقیق ہے کہ یہ جوہرشراب ہیں؛ البتہ ان میں زہر کے اجزاء بھی پائے جاتے ہیں، جوچیز شراب ہو اس میں مفتی بہ قول کے مطابق کم وبیش کی کوئی تفریق نہیں ہے، کم ہوں یا زیادہ حرام ہوں گے اور ناپاک بھی ہوں گے؛ اسی لئے اگریہ کپڑے وغیرہ پر لگ جائے تو دھونا واجب ہوگا؛ چونکہ اس کا استعمال بطورِ دوا بھی ہوتا ہے توایسے وقت میں اگرکوئی متبادل دوا نہ ملے یااس کے حاصل کرنے کی استطاعت نہ ہو یا اس کی تلاش تک مرض بڑھ جانے اور شدت اختیار کرلینے کی صورت میں اس کا استعمال کرنا درست ہوگا۔ اسپرٹ کا استعمال بعض ایسی چیزوں میں بھی ہوتا ہے جن کا بکثرت تعامل ہے اور ہمارے زمانے میں اس سے بچنا بہت مشکل ہے، مثلاً کپڑوں کے رنگ، روشنائی، رنگے ہوئے کپڑے وغیرہ ان کا استعمال بھی درست ہوگا، ایک تو اس لئے کہ ان کا استعمال عام ہوگیا ہے اور (ابتلاءِ عام) کی صورت پیداہوگئی ہے جوفقہی احکام میں تخفیف کا باعث بن جاتا ہے، دوسرے جب وہ روشنائی وغیرہ میں پڑنے کے بعد گویا اپنی حقیقت کھودیتا ہے اور اس کی اصل ہی بدل جاتی ہے اور ناپاک چیز جب اس حد تک بدل جائے کہ اس کی پہلی حقیقت ہی باقی نہ رہے تواس کے بعد وہ ناپاک باقی نہیں رہتی۔ (جدید فقہی مسائل:۱/۱۰۷)