انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** سلطان الدولہ کی حکومت سلطان الدولہ نے جواپنے باپ بہاؤالدولہ کی وفات کے بعد مسندحکومت پرمتمکن ہوا، اپنے بھائی ابوالفوارس کوکرمان کی حکومت پرمامور کیا، کرمان میں ابوالفوارس کے پاس بہت سے دیلمی جمع ہوئے اور اس کومشورہ دیا کہ تم اپنے بھائی سلطان الدولہ سے حکومت وریاست چھین لو؛ چنانچہ ابوالفوارس نے کرمان سے فوج مرتب کرکے شیراز پرحملہ کردیا، ادھر سے سلطان الدولہ نے مقابلہ کیا، جنگ عظیم کے بعد ابوالفوارس کوشکست ہوئی، سلطان نے اس کا تعاقب کیا، وہ کرمان واپس آکرکرمان میں نہ ٹھہرسکا؛ کیونکہ سلطان الدولہ نے کرمان تک اس کا تعاقب کیا، کرمان سے ابوالفوارس، سلطان محمود غزنوی بن سبتگین کے دربار میں پہنچا، سلطان محمود غزنوی نے اس کی تشفی وتسلی کی اور اپنے ایک سردار ابوسعید طائی کوفوج دے کراس کے ساتھ کردیا، ابوالفوارس یہ امداد لے کردوبارہ فارس پرحملہ آور ہوا، اس مرتبہ بھی سلطان الدولہ نے شکست دے کربھگایا، اس مرتبہ شکست کھاکر ابوالفوارس، سلطان محمود غزنوی کے پاس اس لیے نہیں گیا کہ اس نے ابوسعید طائی کے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں کیا تھا؛ چنانچہ بعد شکست وہ مہذب الدولہ حاکم بطحیہ کے پاس گیا؛ پھرخط وکتابت کرکے سلطان الدولہ نے اپنی خطا معاف کراکر کرمان کی حکومت پردوبارہ مامور ہوا۔