انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** تاریخ التاریخ بابل ونینوا کے کھنڈرات اورریگستان نجد میں عاد ارم کے ستون،مصر کے اہرام بت بامیان وغیرہ کو دیکھ کر اُن کے بنانے والوں کا حال معلوم کرنے کی خواہش انسان کے دل میں پیدا ہوتی ہے،لوگوں نے بابلیوں کے حالات لکھنے کی کوشش کی ہے اوراپنی ناتمام درایت کی بنا پر بہت سی روایتیں جمع کرلی ہیں، عجیب در عجیب قسم کے حروف اورمصری علامات سے عبارتیں اوربانیانِ اہرام کے حالات مرتب کئے جاسکتے ہیں۔ ژند واوستا، وساتیرہ سفرنگ،موجودہ صحائف و بائیبل،بالمیکی رامائن،مہابھارت ایسی کتابیں ہیں جن سے کچھ غلط صحیح حالات معلوم ہوسکتے ہیں،ہر ایک زبان کے محاورات ،ضرب الامثال پتھر کے ہتھیار،لوہے کہ اوزار، چاندی سونے تانبے وغیرہ کے زیورات،پتھر کی مورتیں،مصر کی محفوظ لاشیں، اشوک کی لاٹھیں،ایلورا کے مغارات،اصنام سارناتھ ،وسانچی ،خرابہ اصطخر، تختِ رستم، دیوارِ چین وغیرہ،یہ سب کچھ مل ملا کر دلچسپی کا سامان ہے اوراس سامان سے اگر چہ تمام ربع مسکون پر پوری اورحسب ضرورت روشنی نہیں پڑتی تاہم کہیں کہیں ہلکی اور مدہم تاریخی شعاعیں نظر آجاتی ہیں،ہندیوں کی جھوٹی سچی کہانیاں،مصریوں کے پرانے کتبے،چینیوں کی روایاتِ قدیمہ،ایرانیوں کے کھنڈر،یونانیوں کی تحریریں،بالخصوص ہیرو ڈوٹس کی تصنیف،اسرائیلی روایات،عربی اطلاق،یہ تمام مجموعہ تاریخ کا ایک ضروری اورابتدائی حصہ ہے۔