انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
روزے سے متعلق کچھ جدید مسائل ہوائی جہاز میں افطار کس وقت کے لحاظ سے کیا جائے ؟ روزہ دار اگر جہاز میں سفر کررہا ہو اور بلندی پر ہونے کی وجہ سےاُسے سورج نظر آرہا ہو حالانکہ اسی وقت اسی جگہ کی زمین پرسورج غروب ہوچکا ہو اور وہاں کے لوگ افطار کرچکے ہوں تب بھی یہ مسافر افطار نہیں کرسکتا جب تک کہ سورج کو غروب ہوتا ہوا نہ دیکھ لے ۔ (مفہوم ازآپ کے مسائل اور ان کا حل:۳/۲۷۰) دوائی کھا کر ایام روکنے والی عورت کا روزہ رکھنا ؟ ایام روکنے والی دوائی کھاکر رمضان المبارک کے پورے روزے رکھ لینا صحیح ہوگا، رہا یہ کہ یہ روکنا صحیح ہے یا نہیں ؟ تو شرعا ً روکنے پر کوئی پابندی نہیں ۔ مگر شرط یہ ہے کہ اگر یہ فعل عورت کی صحت کے لئے مضر ہو تو جائز نہیں۔ (آپ کے مسائل اور ان کا حل :۲۷۸/۳) روزے کی حالت میں سگریٹ یا حقہ پینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے روزہ کی حالت میں حقہ یا سگریٹ پینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور اگر یہ عمل جان بوجھ کر کیا ہو تو قضا و کفارہ دونوں لازم ہوں گے ۔ (آپ کے مسائل اور ان کا حل :۲۸۳/۳) روزہ کی حالت میں منجن اور ٹوتھ پیسٹ کا استعمال منجن اور ٹوتھ پیسٹ کا استعمال روزہ کی حالت میں مکروہ ہے ۔ تاہم اگر حلق میں نہ جائے تو روزہ نہیں ٹوٹتا ۔ (آپ کے مسائل اور ان کا حل :۲۹۱/۳،فتاوی دار العلوم:۴۰۴/۶،جدید فقہی مسائل:۱۸۹/۱) اختتام رمضان پر روزہ اور عید کے سلسلہ میں جس ملک میں پہونچے وہاں کی پیروی کرے جولوگ سعودی عرب یا دوسرےممالک میں رمضان شروع کرکے عید سے پہلے مثلاًپاکستان یا ہندوستان میں آجاتے ہیں ان کے لئے حکم یہ ہے کہ وہ پاکستان یا ہندوستان پہونچ کر یہاں کے رمضان کی گنتی پوری کریں اوراگر رمضان چل رہا ہو تو اکتیسواں روزہ بھی رکھیں ، یہ زائد روزہ ان کے حق میں نفل ہوگا ، لیکن پاکستان اور ہندوستان کے تیسویں روزہ کے دن ان کے لئے عید منانا جائز نہیں ۔ ایک صورت اس کے برعکس یہ پیش آتی ہے کہ بعض لوگ مثلاً پاکستان یا ہندوستان میں رمضان شروع ہونے کے بعد سعودی عرب یا دوسرے ممالک میں چلے جاتے ہیں ،ان کا اٹھائیسواں روزہ ہوتا ہے کہ وہاں عید ہوجاتی ہے ؛ ان کو چاہئے کہ سعودی عرب کے مطلع کے مطابق عید کریں اور ان کا جو روزہ رہ گیا ہے اس کی قضا کریں ۔ (آپ کے مسائل اور ان کا حل :۳۲۷/۳،فتاوی رحیمیہ:۲۱۵/۷،احسن الفتاوی:۴۲۳/۴) پائیلٹ کےلئےروزہ چھوڑنا کیساہے ؟ ڈاکٹروں کی بعض ہدایات تو محض بر بنائے احتیاط ہوتی ہیں جن کی خلاف ورزی سے کوئی واقعی نقصان عموماً نہیں ہوتا ایسی ہدایات کی بنا ءپر تو روزہ چھوڑنا درست نہیں ؛لیکن اگر یہ ہدایات واقعتاً ایسی ہیں کہ ان کی خلاف ورزی سے نقصان کا گمانِ غالب ہے تو ایسی صورت میں پائیلٹ کے لئے روزہ چھوڑ کر دوسرے دنوں میں قضاء کرنا جائز ہوگا ۔ (فتاوی عثمانی:۱۸۰/۲) روزہ کی حالت میں اگر بتی، دوا ، عطر ،اور پرفیوم سونگھنا محض کسی خوشبو یا بد بو کے بے اختیار ناک میں جانے یا قصداً سونگھنے سے-خواہ علاجاً ہو یا تنشیطاً-روزہ فاسد نہیں ہوتا ؛اگربتی، دوا، عطر ،سینٹ اور پرفیوم سب کا حکم ایک ہے ؛ البتہ اگربتی وغیرہ سلگا کر اس کا دھواں ناک میں پہونچانا مفسدِ صوم ہے ۔ (فتاوی محمودیہ:۱۵۳/۱۰)