انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** حجاج کرام کی دعاء حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے کہ حضور اقدس ﷺ نے فرمایا جب تم حجاج سے ملاقات کرو تو سلام کرو اوراس سے مصافحہ کرو اوراس سے درخواست کرو کہ وہ تمہارے لئے مغفرت کی دعاء کرے، اس سے پہلے کہ وہ اپنے گھر میں داخل ہو، چونکہ وہ بخشا بخشایا ہے۔ (مسند احمد:۲/۶۹) حضرت ابوہریرہؓ فرماتے ہیں نبی پاک ﷺ نے فرمایا حجاج کی مغفرت کردی جاتی ہے اوریہ جس کے لئے مغفرت کی دعاء کریں گے،ان کی بھی مغفرت کردی جاتی ہے۔ (ترغیب :۳/۱۶۷) اسی طرح حضرت ابوہریرہؓ کی روایت ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا حج اورعمرہ کرنے والے اللہ کے وفود ہیں ،ان کی دعاء اللہ پاک قبول فرماتے ہیں،اگر یہ مغفرت چاہتے ہیں تو خدائے پاک ان کی مغفرت فرماتے ہیں۔ (ترغیب:۳/۱۶۷) اسی طرح ابن عمرؓ کی حدیث میں بھی قبولیت دعاء کا ذکر ہے۔ مستدرک حاکم میں حضرت ابوہریرہؓ کی حدیث میں ہے کہ آپ ﷺ نے حجاج کرام کے لئے اوران کے لئے جن کی مغفرت کی وہ دعاء کریں مغفرت کی دعاء فرمائی ہے۔ (ترغیب:۳/۱۶۷) حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ کی روایت ہے کہ حضور پاک ﷺ نے فرمایا حاجیوں کی شفاعت چار سو آدمیوں کے بارے میں قبول کی جائے گی۔ (ترغیب:۱۶۹) فائدہ: خلاصہ یہ ہے کہ حجاج کرام اور زائرین بیت اللہ کی دعاء قبول کی جاتی ہے،اس لئے ان سے خصوصی اہتمام کے ساتھ دعاء کی درخواست کرنی چاہیے اوریہ کہ گھر پہنچنے سے قبل ان سے دعاء کرالینی چاہیے،اس کا طریقہ یہ ہے کہ واپسی کے وقت گھر آنے سے قبل دعاء کرالی جائے۔