انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** علم حدیث محدثین نے روایتِ حدیث کے لحاظ سے صحابہ کے پانچ طبقے قرار دیئے ہیں اور تقریباً ہرطبقے میں صحابہ کے ساتھ صحابیات بھی شامل ہیں: اوّل طبقہ: یعنی وہ صحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین جن کی روایتیں ہزار یاہزار سے زیادہ ہیں، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا شمار اسی طبقے سے ہے۔ دوسرا طبقہ: یعنی وہ صحابہ جن کی روایتیں پانچ سو یا پانچ سو سے زیادہ ہیں، اس میں کوئی صحابیہ شامل نہیں۔ تیسرا طبقہ: یعنی وہ صحابہ جن کی روایتیں سویا سو سے زیادہ ہیں؛ مگرپانچ سو سے کم ہیں، حضرت اُم سلمہ رضی اللہ عنہا اسی میں محسوب ہیں۔ چوتھا طبقہ: یعنی وہ صحابہ رضی اللہ عنہم جن کی تعدادِ روایت چالیس سے سوتک ہے اس طبقہ میں بکثرت صحابیات رضی اللہ عنھن شامل ہیں، مثلاً ام المؤمنین اُم حبیبہ رضی اللہ عنہا، اُم المؤمنین حضرت میمونہ رضی اللہ عنہا، اُم عطیہ رضی اللہ عنہا انصاریہ، اُم المؤمنین حضرت حفصہ رضی اللہ عنہا، حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہا، حضرت اُم ہانی رضی اللہ عنہا۔ پانچواں طبقہ: یعنی وہ صحابہ جن کی روایتیں چالیس یاچالیس سے کم ہیں، اس طبقے میں بھی بکثرت صحابیات شامل ہیں، مثلاً حضرت اُم قیس رضی اللہ عنہا، حضرت فاطمہ بنت قیس رضی اللہ عنہا، حضرت ربیع بنت مسعود رضی اللہ عنہا، حضرت سبرہ بنت صفوان رضی اللہ عنہا، حضرت کلثوم بنت حصین غفاری رضی اللہ عنہا، حضرت جداء بنت وہب رضی اللہ عنہا وغیرہ۔