انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** حضرت خارجہؓ بن زید بن ابی زہیر نام ونسب خارجہ نام، قبیلہ خزرج کے خاندان اغر سے ہیں، نسب نامہ یہ ہے،خارجہ بن زید بن ابی زہیر بن مالک بن امراء القیس بن مالک اغر بن ثعلبہ بن کعب بن خزرج بن حارث بن خزرج اکبر،رئیس قبیلہ اورکبار صحابہ میں تھے۔ اسلام عقبہ میں بیعت کی غزوات اور عام حالات ہجرت کے وقت حضرت ابوبکرؓ نے مدینہ آکر انہی کے ہاں قیام کیا تھا اورانہی سے مواخاۃ ہوئی۔ بدر میں شریک تھے اور امیہ بن خلف کو کئی آدمیوں کے ساتھ مل کر مارا تھا، امیہ کے بیٹے صفوان نے اپنے باپ کے قاتلوں کو تاڑ لیا تھا، چنانچہ دوسرے سال جب غزوہ احد واقع ہوا تو اس کو ان لوگوں کے قتل کی فکر ہوئی۔ شہادت حضرت خارجہ ؓ نہایت بہادری سے لڑے اور دس سے اوپر نیزوں کے زخم کھاکے زمین پر گر گئے،صفوان نے ان کو شناخت کرکے ناک،کان اور دیگر اعضاء کاٹے اورکہا کہ اب میرا کلیجہ ٹھنڈا ہوا، میرے باپ کے عوض محمدﷺ کے بڑے بڑے بہادر کام آئے۔ ان کے بھتیجے سعد بن ربیعؓ بھی اس معرکہ میں دادِ شجاعت دے کر شہید ہوئےتھے چچابھتیجے دونوں ایک قبر میں دفن کئے گئے۔ اولاد دو اولادیں چھوڑیں،ایک زید جنہوں نے حضرت عثمانؓ کے زمانۂ خلافت میں انتقال کیا دوسری حبیبہؓ جو حضرت ابوبکرؓ ؓ سے منسوب تھیں، ام کلثوم بنت ابی بکر ان ہی کے بطن سے تولد ہوئیں، اس بناء پر حضرت خارجہؓ حضرت ابوبکرؓ کے اسلامی بھائی ہونے کے ساتھ خسر بھی تھے۔