انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** باتوخان ابن جوجی خان باتوخان نے دشت قبچاق سے جب ممالک خزروروس وچرکس وفرنگ وغیرہ کی طرف فوج کشی کی تو اوکتائی خان ابنِ چنگیز خان نے اپنے بیٹے کیوک خان اورتولی خان کے بیٹے منکوخان اورچغتائی خان کے ایک بیٹے کو مامور کیا کہ یہ لوگ باتوخاں کے ساتھ رہ کر فتح ممالک میں اُس کی امداد کریں باتوخان نے روس کا تمام ملک فتح کرکے ماسکو پر حملہ کیا، اُس کو فتح کرنے کے بعد پولینڈ کو اپنے قبضہ وتصرف میں لایا،یہ حالات سُن کر تمام یورپ کے سلاطین ایک دوسرے کی اعانت پر آمادہ ہوکر ایک میدان میں اپنی فوجوں کو جمع کرکے مقابلہ پر آئے،باتوخان کی فوج میں بہت سے مسلمان بھی شامل تھے،جب باتوخان کو یہ معلوم ہوا کہ فوج مغلیہ سے کئی گنا زیادہ عیسائیوں کی فوجیں جمع ہوگئی ہیں تو اُس نے حکم دیا کہ ہماری فوج کے تمام مسلمان ایک جگہ جمع ہوکر دعامانگیں،اس کے بعد لڑائی شروع ہوئی،اس لڑائی مین عیسائیوں کو شکستِ فاش حاصل ہوئی اور باتوخان نے تمام ملک ہنگری پر قبضہ کرلیا،باتوخان نے یورپ میں ایک شہر آباد کیا جس کا نام سرائے تھا،باتوخان کا تمام زمانہ ملکِ فرنگ کی فتوحات وانتظامات میں بسر ہوگیااور ۶۵۴ ھ میں فوت ہوا۔