انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** کھانے کے بعدکی دعائیں نبی کریم ﷺ سے کھانے کے بعد دعائیں متعدد منقول ہیں،ان منقولہ دعاؤں میں سے کسی ایک کا پڑھ لینا بھی اداء سنت کے لئے کافی ہے، بہتر یہ ہے کہ تمام دعاؤں کو مختلف موقعوں پر پڑھ لے تاکہ تمام دعاؤں کا ثواب مسنون مل جائے جو باعث اجر عظیم ہے۔ حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے کہ فراغت طعام پر نبی اکرم ﷺ یہ دعاء پڑھتے تھے الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي أَطْعَمَنَا وَسَقَانَا وَجَعَلَنَا مُسْلِمِينَ (ترمذی،باب مایقول اذا فرغ من الطعام،حدیث نمبر:۳۳۷۹) تعریف اس خداوند قدوس کی جس نے کھلایا پلایا اورمسلمان بنایا۔ بعض کتابوں میں یہاں من المسلمین ہے "من" صحیح نہیں ہے، کسی بھی مستند روایت میں نہیں ہے،دیکھئے حوالوں کو۔ حضرت ابو ایوب انصاریؓ فرماتے ہیں کہ آپ ﷺ جب کھاتے یا پیتے تو یہ دعاء پڑھتے۔ الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي أَطْعَمَ وَسَقَى وَسَوَّغَهُ وَجَعَلَ لَهُ مَخْرَجًا (ابی داؤد،باب مایقول الرجل اذا طعم،حدیث نمبر:۳۳۵۳) ترجمہ: اللہ کا شکر ہے جس نے کھلایا پلایا حلق سے اترنا آسان کیا اور نکلنے کا راستہ بنایا۔ حضرت حارث ازدی ؓ سے مروی ہے کہ آپ ﷺ صبح و شام کے کھانے سے فراغت پر یہ دعاء پڑھتے۔ اَللّٰھُمَّ لَکَ الْحَمْدُ اَطْعَمْتَ وَاَسْقَیْتَ وَاَشْیَعْتَ وَاَرْوَیْتَ فَلَکَ الْحَمْدُ غَیْرَ مَکْفُورٍ وَلَا مُوَدَّعٍ وَلَا مُسْتَغْنی عَنْہُ ترجمہ:اے اللہ آپ ہی کے لئے تعریف ہے آپ نے کھلا یا پلایا، آسودہ کیا،سیراب کیا، بس تیرے ہی لئے تعریف ہے جس میں نہ ناشکری کی گئی نہ چھوڑی گئی اورنہ(اے رب) بے پرواہی برتی گئی۔ (ابن سنی:۴۸۷،مجمع الزوائد:۵/۳۲،بسند ضعیف) حضرت عمروبن شیعب ؓ اپنے داد اسے روایت کرتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ جب کھانے سے فارغ ہوتے تو یہ دعاء پڑھتے اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ مَنَّ عَلَیْنَا وَھَدَانَا وَالَّذِیْ اَشْبَعَنَا وَاَرْوَانَا وَکُلَّ الاحْسَانِ اَتَانَا ترجمہ:تعریف اس اللہ کی جس نے ہم پر احسان کیا،ہدایت سے نوازا،جس نے پیٹ بھر کھانا کھلایا،سیراب کیا اورہر قسم کے احسانات کی بخشش کی۔ (ابن سنی:۴۶۶،بسند ضعیف) ایک دوسری روایت میں اس سے مختصر ہے اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ مَنَّ عَلَیْنَا فَھَدانَا وَکُلَّ بَلاءٍ حَسَنٍ اَبْلانَا ترجمہ: تمام تعریف اس کی جس نے ہم پر احسان کیا ہدایت سے نوازا،ہر عمدہ قابل آزمائش چیزوں سے آزمایا(یعنی نعمتوں کو نواز کرکہ شکریہ کرتایا نہیں) - (الدعاء:۸۹۵) حضرت انسؓ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ کھانے کے بعد یہ دعاء پڑھتے تھے اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ اَطْعَمَنَا وَسَقَانَا وَاَشْبَعَنَا وَاَرْوَانَا وَاکَفَانَا وَاَولَانَا فَکَمْ مِنْ مَکْفُوْفٍ لَا کَافِیَ لَہُ وَلَا مَاوی وَمَصِیْرُہُ اِلَی النَّارِ ترجمہ: تعریف اس اللہ کی جس نے ہمیں کھلایا اورپلایا اورپیٹ بھرا،سیراب کیا،کفایت کی نعمتوں سے بخشا،کتنے محروم ایسے ہیں کہ اس کی کوئی کفایت کرنے والا نہیں ،اس کا ٹھکانہ اورجگہ جہنم ہے۔ (الدعاء:۸۹۴،بسند ضعیف) حضرت عبدالرحمن بن جبیرؓ ایک صحابی سے روایت کرتے ہیں کہ جنہوں نے آٹھ سال تک حضور ﷺ کی خدمت کی انہوں نے نبی کریم ﷺ سے سنا کہ جب کھانا پیش کیا جاتا تو آپ ﷺ فرماتے بسم اللہ اورجب کھانے سے فارغ ہوجاتے تو فرماتے۔ اللَّهُمَّ أَطْعَمْتَ وَأَسْقَيْتَ وَأَغْنَيْتَ وَأَقْنَيْتَ وَهَدَيْتَ وَأَحْيَيْتَ فَلَکَ الْحَمْدُ عَلَى مَا أَعْطَيْتَ (مسند احمد،باب حدیث رجل خدم النبی ﷺ ،حدیث نمبر:۱۶۰۰۰) ترجمہ: اے اللہ آپ نے کھلایا،پلایا،غنی بنایا،چیزوں سے نوازا،ہدایت دی،حیات بخشی،تیرے ہی لئے تعریف ہے،اس پر جوتو نے عطا کیا۔ حضرت مسلمہ بن عبدالرحمن ؓ فرماتے ہیں کہ میرے والد نے مجھ سے بیان کیا کہ آنحضرتﷺ جب کھانے سے فارغ ہوتے تو یہ دعاء پڑھتے۔ الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي أَطْعَمَنَا وَسَقَانَا ، الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي كَفَانَا وَآوَانَا ، الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي أَنْعَمَ عَلَيْنَا وَأَفْضَلَ ، نَسْأَلُکَ بِرَحْمَتِکَ أَنْ تُجِيرَنَا مِنَ النَّارِ ترجمہ:حمد اس ذات پاک کی جس نے ہمیں کھلایا پلایا،تعریف اس کی جس نے ہماری کفایت کی ٹھکانادیا، تعریف اس کی جس نےہم پر انعام کیا اورفضل کیا ہم تیری رحمت کے طفیل سوال کرتے ہیں کہ ہمیں جہنم سے بچا۔ (بزار:۳/۲۳۸،مجمع الزوائد:۵/۳۲) حضرت سعید بن جبیرؓ سے مرسلا ًروایت ہے کہ آنحضرتﷺ فراغت طعام پر یہ دعاء فرماتے اَللّٰھُمَّ اَشْبَعْتَ وَاَرْوَیْتَ فَھنِّئْنَا وَرَزَقْتَنَا فَاکْثَرْتَ وَاَطِبْتَ فَزِدْنَا ترجمہ:اے اللہ تونے پیٹ بھرا،سیراب کیا،پس اسے خوشگوار بنا،تونے ہمیں رزق دیا،خوب دیا،اچھا دیا پس اس میں اورزیادتی فرما۔ (اتحاف:۵/۲۲۷) حضرت ابن عباس ؓ سے مروی ہے کہ حضور اقدس ﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی کھانا کھاچکے تو یہ پڑھے۔ اَللّٰھُمَّ بَارِکْ لَنَا فِیْہِ وَاَبْدِلنا خَیْرًا مِنْہُ ترجمہ: اے اللہ ہمیں اس میں برکت عطا فرما اوراس سے بہتر بدل عطا فرما۔ (کنزالعمال:۱۹/۱۷۴) حضرت ابن عباسؓ کی ایک دوسری روایت میں یہ دعاء ہے۔ اَللّٰھُمَّ بَارِکْ لَنَا فِیْہ وَاَطْعِمْنَا خَیْراً مِنْہُ ترجمہ: اے اللہ اس میں برکت عطا فرما اوراس سے بہتر کھلا۔ (حصن:۲۵۸،کنزالعمال:۱۹/۱۸۴)