انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** وفد سلامان(شوال۱۰ہجری) یہ وفد(۷) افرد پر مشتمل تھا جس کا تعلق بنی قضاعہ کی شاخ سلامان سے تھا، جب یہ وفد مسجد نبوی میں آیاتو آنحضرت ﷺ ایک جنازے میں شرکت کے لئے تشریف لے جا رہے تھے ، انھوں نے بڑھ کر سلام کیا ، حضور ﷺ نے فرمایا ! کون لوگ ہو ؟ عرض کیا سلامان کے لوگ اسلام کی بیعت کے لئے حاضر ہوئے ہیں ، یہ سن کر آپﷺ نے حضرت ثوبانؓ سے فرمایا کہ انہیں وہیں ٹھہرایا جائے جہاں دیگر وفود ٹھہرائے جاتے ہیں ،ظہر کی نماز کے بعد حضور ﷺ اپنے حجرے اور منبر کے درمیان تشریف فرما ہوئے، ارکان وفد میں سے حضرت حبیبؓ بن عمرو نے دریافت کیا ، یا رسول اللہ ! سب سے بہتر عمل کونسا ہے ؟ فرمایا:وقت پر نماز پڑھنا ، عرض کیا : بارش نہ ہونے سے ہمارا علاقہ قحط زدہ ہے ، ہمارے لئے دعا فرمایئے ، آپﷺ نے دعا فرمائی ، ائے اللہ ! ان لوگوں کے گھروں اور زمینوں پر مینہ برسا ، اس وفد کا قیام تین روز تک رہا اور اس دوران حضرت بلالؓ نے ان کی ضیافت کی ، واپسی کے وقت ہر شخص کو پانچ ادقیہ چاندی دی گئی ، جب یہ لوگ واپس ہوئے تو انھوں نے دیکھا کہ ان کی زمینات سر سبز و شاداب ہیں، معلوم ہوا کہ جس روز حضور ﷺ نے دعا فرمائی تھی اسی دن بارش ہوئی۔