انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** ائمۂ حدیث کی مختلف انواع ائمہ حدیث کا عنوان بہت وسیع ہے، اس سے ائمہ اجتہاد Theorist بھی مراد ہوسکتے ہیں، جن کے پاس حدیث پہنچ کراپنے تمام پہلوؤں میں پھیلتی ہے اور اس میں وہ ائمہ جرح وتعدیل Critics بھی آجاتے ہیں جن کی کسوٹی حدیث کے راویوں کی نشاندہی کرتی ہے، وہ ائمہ کرام جنھوں نے احادیث کومختلف ترتیبوں سے منضبط کیا، وہ مدوّنین Compilers کہلائے او راللہ تعالیٰ نے اُن کی تالیفات کوزندگی اور قبولیت بخشی، یہ بھی ائمہ حدیث ٹھہرے اور جن حفاظِ رجال نے اسماء الرجال کومنضبط کیا اور اس دائرۂ کار میں حدیث کی خدمت کی وہ بھی اس فن کے امام ٹھہرے، جس نے کسی بھی جہت سے حدیث کی کوئی خدمت کی اور اہلِ علم نے اس فن میں اس پر اعتماد کیا ایسے تمام حضرات ائمہؒ حدیث کے ذیل میں ذکر کیئے جاتے ہیں۔ اِس موضوع کوہم درجِ ذیل عنوانات سے پیش کریں گے: (۱)علماء حدیث (۲)ائمہ روایت (۳)ائمہ جرح وتعدیل (۴)ائمہ تدوین (۵)ائمہ رجال۔ یہ ان پاک لوگوں کا تذکرہ ہے جن کی علمی خدمات عام احادامت اور حضورخاتم النبیینﷺ میں وجہ اتصال اور رابطہ بنیں اور انہی کی کوشش سے علم اسلام زندہ رہا حدیث کا علم حاصل کرنے والوں کوچاہیے کہ محدثین کے نام یادرکھتے ہوئے ہرمحدث کے بارے میں ذہن میں رکھیں کہ وہ کس دائرہ اور کس طبقے سے تعلق رکھتا ہے، جب تک ہرمحدث کا دائرہ کار ہمہ وقت ذہن میں نہ رہے اُس وقت تک اُس کی خدمت سے کماحقہ فائدہ نہیں اُٹھاسکتے، شام حجاز اور عراق کے رواۃ حدیث اپنے اپنے ہاں کس کس انداز میں حدیث کی خدمت کرتے رہے، انشاء اللہ اس کا ایک اجمالی نقشہ آپ کے سامنے آجائے گا کہ محدثین کس جذبۂ وفا کے ساتھ قرآن کریم کے گرد حفاظت کا پہرہ دیتے رہے ہیں۔