انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** قرآن پاک رسول اللہﷺ کا معجزہ آں حضرتﷺ کے معجزات میں سب سے بڑا معجزہ قرآن کریم ہے جو علمی معجزہ ہے اور تمام انبیاء کے معجزات سے بڑھا ہوا ہے سب مانتے ہیں کہ علم کو عمل پر شرف ہے، یہی وجہ ہے ہر فن میں استادوں کی تعظیم کی جاتی ہے۔ قرآن کریم آنحضرتﷺ کا علمی معجزہ ہے اور آپ کے معجزات میں عمدہ ترین معجزہ ہے ایسا معجزہ اور کسی پیغمبر کو عنایت نہیں ہوا، سب انبیاء اور مرسلین کے معجزہ ایک خاص وقت میں ظاہر ہوئے اور ختم ہوگئے اور معجزہ قرآن ایسا معجزہ ہے جو کبھی زوال پذیر نہیں ہوتا ،ابتدائے نزول سے لےکر آج تک اسی طرح بلا تغیر وتبدل باقی اور محفوظ ہے اور انشاءاللہ قیامت تک اسی طرح باقی رہےگا جس طرح آپ ﷺ پر نازل ہوا تھا،قرآن کریم کو زندہ جاوید معجزہ کہنے کی چند وجوہات یہاں ذکر کی جارہی ہیں: (۱)حضرت موسی علیہ السلام کے زمانے میں جادو کا چرچا تھا ،اللہ نےان کوعصا اور ید بیضا کا معجزہ عطافرمایا، حضرت عیسی علیہ السلام کے زمانے میں طب کا زور تھا حق تعالی نے ان کے ہاتھ پر مریضوں کی شفاء اور مردوں کوزندہ کرنے کا معجزہ عطا فرمایا،آنحضرتﷺ کے زمانے میں اہل عرب اپنے آپ کو سب سے زیادہ فصیح اور ساری دنیا کو گونگے سمجھتے تھے، اس لیے ان کی فصاحت سے زیادہ فصیح الفاظ میں اللہ نے آپﷺ پر قرآن نازل فرمایا اور ساری دنیا کو بالخصوص اہل عرب کو رہتی دنیا تک چیلنج کیاگیا کہ اس جیساکلام بناکر بتاؤ، چاہے اس کے لیے تم جس کی مددلینا چاہتے ہو لےلو،فصیح وبلیغ شعراء ،انسان اورجنات اور ان کے معبودان باطل جن کی چاہے مددلو لیکن اس جیسا کلام تم نہیں لاسکتے ،قاضی عیاض شفاء میں لکھتے ہیں کہ قرآن کریم میں باعتبار بلاغت سات ہزار سے زیادہ معجزے ہیں۔ (۲)قرآن کریم کے اعجاز کی دوسری وجہ یہ ہے کہ قرآن علوم ہدایت کا جامع ہے :جو شخص قرآن کریم کے علوم کا تحقیقی مطالعہ کرےگا اس کو اس کتاب میں عقائد واعمال،تہذیبِ اخلاق،معاشرت ومعاملات،حکومت وسیاست،روحانی ترقی،تزکیہ نفس،عدل وانصاف،قرب الی اللہ کے تمام قواعد اور سامان نظر آئیں گے،جس کو دیکھ کر بے اختیار اس کادل اور اس کی زبان گواہی دیں گے کہ بلاشبہ یہ اللہ کا کلام ہے،ایسے علوم ومعارف کا خزانہ تو سارے عالم کے حکماء مل کر بھی نہیں پیش کرسکتے،ایک امی کی جانب سے ایسی جامع کتاب دنیا کے سامنے پیش کی گئی جو دنیا وآخرت دونوں کی درستگی اور کامیابی کے لیے مکمل ہدایت نامہ ہے، جو حقوق اللہ اور حقوق العباد وحقوق نفس کو تفصیل کے ساتھ بیان کرتی ہے، عالم کے تمام مذاہب باطلہ کا دلیل کے ساتھ رد کرتی ہے اور کسی مذہب کے عالم میں یہ قدرت نہیں ہے کہ وہ ان دلائل قرآنی کا جواب دےسکے ،یہ سب چیزیں اس بات کی کھلی دلیل ہیں کہ یہ قرآن اللہ کا نازل کردہ کلام ہے۔ (۳)قرآن کریم انبیاء سابقین کے واقعات بیان کرتا ہےاور گذری ہوئی قوموں کے عروج وزوال کی حقیقت واضح کرتا ہے،دیگر مذاہب کے ماننے والے ان واقعات کو سن کر اس کی تصدیق کرتے ہیں،اسی طرح آئندہ پیش آنے والے واقعات کو قرآن کریم بیان کرتا ہے اور اسی بیان کے مطابق واقعات ظہور پذیر ہوتے ہیں،جیسے ابتدائے اسلام میں رومیوں کی فتح کی خبر دی گئی ،جنگ بدر میں مشرکین کے شکست کی خبر،اسلام کے ظہور اور غلبہ کی خبردی گئی، اس طرح کئی واقعات کی خبریں دی گئیں،جس پر مفصل کتابیں اعجاز القرآن کے نام سے تحریر کی گئیں ہیں،تحقیقی مطالعہ کے لیے ان کتابوں کی طرف مراجعت کی جاسکتی ہے۔