انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** بعض کلیدی احادیث آنحضرتﷺ کی بعض احادیث بھی کلیدی درجہ رکھتی ہیں،ایک حدیث ہدیہ قارئین ہے، جس سے حضور اکرمﷺ کے بعد خلفائے راشدین کی پیروی کی راہ کھلتی ہے، حضرت عرباض بن ساریہؓ (۷۵ھ) کہتے ہیں کہ حضور اکرمﷺ نے فرمایا: "فَعَلَيْكُمْ بِسُنَّتِي وَسُنَّةِ الْخُلَفَاءِ الرَّاشِدِينَ الْمَهْدِيِّينَ فَتَمَسَّكُوا بِهَا وَعَضُّوا عَلَيْهَا بِالنَّوَاجِذِ"۔ (مسند احمد،باب حَدِيثُ الْعِرْبَاضِ بْنِ سَارِيَةَ عَنْ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ،حدیث نمبر:۱۶۵۲۲) ترجمہ: تم پر میری سنت کی پیروی کے ساتھ خلفاء راشدین کی سنت کی پیر وی بھی لازم ہے اس سے تمسک کرو اورانہیں اچھی طرح دانتوں سے پکڑلو۔ قرآن کریم کی مذکورہ بالا کلیدی آیت اوراس کلیدی حدیث نے ان لاکھوں جزئیات کے حل کی راہ کھول دی اورصحابہ کرامؓ اور ائمہ مجتہدینؒ کی تعلیمات کے چشمے خود کتاب و سنت سے جاری ہوتے ملے، اسلامی علم و دانش کا یہ وہ تسلسل ہے جس سے قرآن پاک کی جامعیت اورپیغمبر خدا صلی اللہ علیہ وسلم کی افادیت اپنی پوری شان سے ابھرتی نظر آتی ہے، قرآن و سنت میں فقہ و اجتہاد کی راہیں نہ کھلیں تو مسائل غیر منصوصہ (جن کے بارے میں قرآن پاک اورحضورﷺ کے اپنے ارشادات میں واضح تعلیم نہیں ملتی) کے باب میں اسلام کے کامل ضابطہ حیات ہونے کا دعویٰ پادر ہوا ہوجاتا ہے۔