انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** ایتاخ کی گرفتاری وموت ایتاخ ایک ترکی غلام تھا، اوّل یہ سلام بن ابرص کے پاس تھا اور باورچی کا کام کرتا تھا؛ اسی لیے وہ آخر تک ایتاخ طباخ کے نام سے مشہور ہوا، خلیفہ معتصم نے اس کی دانائی وسلیقہ شعاری اور جسم کی مضبوطی وخوبصورتی دیکھ کرسلام ابرص سے سنہ۱۹۹ھ میں خرید لیا تھا، آدمی چونکہ اداشناس اور ہوشیار تھا؛ اس لیے جلد ترقی کرتا رہا، معتصم ہی کے زمانے میں اس کی عزت وتکریم اور اختیار واقتدار میں اور بھی اضافہ ہوگیا، شاہی معتوب عموماً اسی مکان میں قید کیے جاتے اور اسی کی نگرانی میں رکھے جاتے تھے اور مقتول کیے گئے، محکمہ جنگ بھی اسی کی ماتحتی میں تھا، حجابت وسفارت کے عہدے بھی اسی کوحاصل تھے، ایتاخ ماہِ ذیقعدہ سنہ۲۳۴ھ میں بہ قصد حج روانہ ہوا، اس کی روانگی کے بعد خلیفہ متوکل نے حجابت کے عہدے پراپنے خادم وصیف کومامور کیا، حج سے واپس ہوکر جب ایتاخ بغداد کے قریب پہنچا توخلیفہ متوکل کے حکم کے موافق اسحاق بن ابراہیم نے اس کوبغداد میں دعوت دے کربلایا اور قید کردیا اور اس کے دونوں لڑکوں منصور ومظفر کوبھی قید کرلیا، ایتاخ اسی حالتِ قید میں مرگیا اور اس کے دونوں لڑکے متوکل کے آخر زمانہ خلافت تک قید رہے، جب منتصر تخت نشین ہوا تواس نے دونوں کورہا کردیا۔