انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** تین معجزے شرح السنہ میں یعلی بن مرہ ثقفی سے روایت ہے وہ فرماتے ہیں کہ میں نے ایک سفر میں نبی کریمﷺ کی تین چیزیں دیکھیں اور آپﷺ کے تین معجزے دیکھنے کا اتفاق ہوا ،واقعہ یہ ہے کہ ہم آپﷺ کے ساتھ سفر کررہے تھے ،آپﷺ کا گزر ایک پانی کھینچنے والے اونٹ پر ہوا اونٹ آپ کو دیکھ کر کچھ بولا پھر گردن زمین پر رکھ دی، آپﷺ وہیں ٹھہر گئے اور اونٹ کے مالک کو بلایا آپﷺ نے مالک سے فرمایا اس اونٹ کو ہمارے ہاتھ بیچ دو، اس نے کہا ہم بلا قیمت آپ کی نذر کرتے ہیں؛ مگر آپ کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اونٹ جن لوگوں کا ہے ان کے گھر کی پوری روزی اسی سے حاصل کی جاتی ہے اور اسی کی کمائی پر ان کا دارومدار ہے، آپ نے فرمایا اگر یہ بات ہے تو میں اس کو نہیں خریدوں گا، ہاں یہ بات یاد رکھو کہ اس اونٹ نے مجھ سے شکایت کی ہے کہ اس سے زیادہ کام لیاجاتا ہے اور کھانے کو کم دیا جاتا ہے تم اس کو اچھی طرح رکھو، یہ معجزہ آپ کے جانور سے متعلق ہوا۔ یعلی کہتے ہیں کہ ہم آگے بڑھے ایک جگہ اترکر آرام کرنےلگے، آنحضورﷺ سوگئے تو میں نے دیکھا کہ ایک درخت زمین چیرتا ہوا آپ کے پاس آیا اور آپﷺ کو ڈھانک لیا پھر اپنی جگہ واپس چلاگیا آپ نے فرمایا کے درخت اللہ سے اجازت لےکر مجھ کو سلام کرنے آیا تھا یہ معجزہ نباتات سے متعلق ہے۔ یعلی کا بیان ہے کہ ہم آگے بڑھے اور ایک دریا کے پاس پہنچے وہاں ایک عورت اپنے پاگل لڑکے کو لائی آنحضورﷺ نے اس کی ناک پکڑ کر فرمایا نکل جا میں محمد رسول اللہ ہوں ،ہم لوگ وہاں سے آگے چلے گئے واپسی پر اس ندی کے پاس پھر عورت ملی اس سے پاگل لڑکے کا حال آنحضورﷺ نے دریافت فرمایا تو اس نے کہا قسم ہے اس خدا کی جس نے آپ کو نبی بناکر بھیجا ہے اس دن سے میرا لڑکا بالکل اچھا ہے کوئی مرض نہیں رہا ،یہ تیسرا معجزہ ہوا جو انسانوں کے متعلق تھا۔