انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** قرآن پاک اورحدیث کا ربط یہ بالکل صحیح ہے اوراس پر سب کا اتفاق ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہی شریعت اسلام کو عملی تشکیل دی ہے اور یہ صحیح ہے کہ آپ کی حیات طیبہ ہی اسوہ حسنہ قرار پائی ہے،آپ نےمجملات قرآن کی تفصیل کی اورآپ نے ہی اس کے عمومات کی تخصیص فرمائی،قرآن پاک اورحدیث پاک ساتھ ساتھ چلتے رہے اوراسلام عملی صورت میں پہلوں سے پچھلوں کو ملتا رہا،جب کہا جاتا ہے کہ قرآن کریم جامع اور مکمل کتاب ہے تو اس سے یہی مراد ہوتی تھی کہ اس میں تمام اصول کلیہ موجود ہیں،خطیب بغدادی(۴۶۳ھ) نے الکفایہ فی علوم الروایہ کے دوسرے باب کا عنوان یہ قائم کیا ہے: "باب تخیصص السنن لعموم محکم القرآن وذکر الحاجد فی المجمل الی التفسیر والبیان"۔ حافظ ابن قیم (۷۵۱ھ) نے اعلام الموقین کی تیسری جلد میں اس پر، ۴۷۹/ سے ۵۶۸/ تک تقریباً ایک سو صفحات کے قریب بحث کی ہے اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی متعدد تشریحات اورتوضیحات بیان کی ہیں جو آپ نے اس قسم کے قرآنی احکامات کے بیان میں صحابہ کے سوال پر ارشاد فرمائیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ آپ قرآن کریم کی مرادات واضح فرماتے تھے اورحضورﷺ کے بیانِ قرآن کا ایک یہ بھی قاعدہ اور اصول تھا۔