انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
روزہ روزے میں انجکشن ،گلو گوز، خون چڑھانے اوردوا پہنچانے وغیرہ کا حکم ۔ روزہ کی حالت میں آنکھ ،ناک ،اور کان میں دوا ڈالنے کا حکم آنکھ میں دوائی ڈالنے یا زخم پر مرہم لگانے یا دوائی لگانے سے روزہ میں کوئی فرق نہیں آتا ۔ لیکن ناک اور کان میں دوائی ڈالنے سے روزہ فاسد ہوجاتا ہے اور اگر زخم پیٹ میں ہو یا سر پر ہو اور اس پر دوائی لگانے سے دماغ یا پیٹ کے اندر دوائی سرایت کرجائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا (آپ کے مسائل اور ان کا حل :۲۸۶/۳، فتاوی رحیمیہ:۲۴۶/۷) روزہ کی حالت میں گلوکوز چڑھانا گلوکوز لگوانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا ،بشرطیکہ یہ گلوکوز کسی عذر کی وجہ سے لگایا جائے ، بلا عذر گلوکوز چڑھانا مکروہ ہے ۔ (آپ کے مسائل اور ان کا حل :۲۸۸/۳،نفائس الفقہ :۲۱۲/۳) خون دینے سے روزہ نہیں ٹوٹتا اگر کسی نے روزہ کی حالت میں جان بوجھ کر خون دیا تو اس کی وجہ سے اس کا روزہ نہیں ٹوٹتا ۔ (آپ کے مسائل اور ان کا حل :۲۸۹/۳) دانت نکالنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا دانت میں تکلیف کے باعث دانت نکال دینے سے روزہ نہیں ٹوٹتا بشرطیکہ خون حلق میں نہ گیا ہو ۔ (آپ کے مسائل اور ان کا حل :۲۹۰/۳) روزہ میں آکسیجن ماسک لگانا آکسیجن ماسک لگانے سے اگر سوائے ہوا یا اس کے کسی جزو کے علاوہ کوئی اور چیز حلق میں نہ جاتی ہو تو اس کے لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا ۔ (فتاوی عثمانی :۱۸۰/۲،جدید فقہی مسائل:۱۸۸/۱) روزہ کی حالت میں قلب کے مریض کا زبان کے نیچے دوا رکھنا ایسی دوا کا استعمال جو حلق میں نہ جائے ، صرف زبان کے نیچے دبالی جائے ،جائز ہے؛ لیکن اس میں شرط یہ ہے کہ حلق میں داخل نہ ہو ورنہ روزہ یقیناً فاسد ہوجائےگا۔ (نفائس الفقہ:۳/۲۰۰) روزہ میں انہیلر کا استعمال روزہ میں تنفس کی بیماری کے علاج کے لئے انہیلر کا استعمال درست نہیں اس سے روزہ فاسد ہوجاتا ہے۔ (نفائس الفقہ:۲۰۱/۳) روزہ میں بھپارہ لینا بھاپ کے ذریعہ دوا کو اندر پہونچانا روزہ کو فاسد کردیتا ہے ؛ خواہ وہ پرانے طریقہ کے مطابق ہو یا کسی نئے طریقے کے مطابق کسی مشین کے ذریعہ ہو ۔ (نفائس الفقہ:۲۰۲/۳،جدید فقہی مسائل :۱۸۷/۱) روزہ میں انجکشن انجکشن خواہ رگوں میں دیا جائے جیسے عام بیماریوں کے اندر ہوتا ہے، یا گوشت یا پوست میں لگایا جائے جیسے ذیابطیس (شوگر)کےمریضوں کو انسولین پوست کے اندر لگاتے ہیں ،یا پیٹ میں لگایا جائے جیسے کتا کاٹے ہوئے کو پیٹ میں لگاتے ہیں ، سب کا حکم ایک ہے کہ ان سے روزہ فاسد نہیں ہوتا؛البتہ روزہ کی حالت میں غذائی ضرورت کی تکمیل اور تقویت کے لئےبلا ضرورت انجکشن لینا مکروہ ہے ۔ (نفائس الفقہ:۲۰۳/۳،فتاوی رحیمیہ:۲۵۷/۷،آپ کے مسائل اور ان کا حل:۲۸۹/۳،جدید فقہی مسائل :۱۸۲/۱) روزہ کی حالت میں کسی آلہ کاجسم میں داخل کرنا امراض معدہ وغیرہ کی تحقیق کے لئے اگر مقعد (پیچھے کے راستہ )سے یا کسی مرض کی تحقیق کے لئے عورت کے آگے کے راستہ سےرحم تک کوئی آلہ داخل کیا جائے اور اس میں کوئی دوا یا پانی وغیرہ لگا ہوا نہ ہو تو اس سے روزہ فاسد نہیں ہوتا اور اگر اس پر دوا یا پانی لگا ہوا ہوتو چونکہ وہ دوا یا پانی اندر رہ جائےگا اس لئے اس سے روزہ فاسد ہوجائےگا ۔ (نفائس الفقہ:۲۱۳،۲۱۴/۳)