انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** اللہ تعالیٰ کی تمام کتابوں وصحیفوں پر ایمان لانا اللہ پاک نے اپنے رسولوں کے وقتاً فوقتاً ہدایت نامے بھیجے، ان میں سب سے آخر اور سب کا خاتم قرآن مجید ہے، جو پہلی سب کتابوں کا مصدق اور "مہیمن" بھی ہے، یعنی ان کتابوں میں جتنی ایسی باتیں تھیں جن کی تعلیم وتبلیغ ہمیشہ اورہرزمانہ میں ضروری ہوتی ہیں وہ سب قرآن میں لے لی گئی ہیں؛ گویا یہ تمام کتب سماویہ کے ضروری مضامین پر حاوی اور سب سے بے نیاز کردینے والی خدا کی آخری کتاب ہے اور چونکہ وہ کتابیں اب محفوظ بھی نہیں رہیں اس لیے اب صرف یہی کتاب ہدایت ہے جو سب کے قائم مقام اور سب سے زیادہ مکمل ہے اور زمانۂ آخر تک اس کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ تعالیٰ نے لی ہے "اِنَّانَحْنُ نَزَّلْنَاالذِّکْرَ وَاِنَّالَہٗ لَحٰفِظُوْنَ" (الحجر:۹) "ہم نے قرآن کو نازل کیا ہے اور ہم اس کے محافظ ہیں" (ترجمہ تھانویؒ) الغرض قرآنِ پاک کی مکمل طور پر تصدیق لازم ہے اگر پورے قرآن یااس کے کسی جزء (آیت) کے متعلق یہ عقیدہ ہو کہ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل شدہ نہیں ہے تو ایمان باقی نہیں رہیگا، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے "یٰٓایُّھَاالَّذِیْنَ اٰمَنُوْٓا اٰمِنُوْا بِاللہ وَرَسُوْلِہٖ وَالْکِتٰبِ الَّذِیْ نَزَّلَ عَلٰی رَسُوْلِہٖ وَالْکِتٰبِ الَّذِیْٓ اَنْزَلَ مِنْ قَبْلُط وَمَنْ یَّکْفُرْبِاللہ وَمَلٰٓئِکَتِہٖ وَکُتُبِہٖ وَرُسُلِہٖ وَالْیَوْمِ الْاٰخِرِ فَقَدْ ضَلَّ ضَلٰلاً بَعِیْدًا" (النسائ:۱۳۶) "اے ایمان والو! تم اعتقاد رکھو اللہ کے ساتھ اور اس کے رسولوں کے ساتھ اور ان کتابوں کے ساتھ جو اس نے اپنے رسول پر نازل فرمائی اور اُن کتابوں کے ساتھ جو کہ پہلے نازل ہوچکی ہیں اور جو شخص اللہ تعالیٰ کا انکار کرے اور اس کے فرشتوں کا اور آسمانی کتابوں کا اور روزِقیامت کا تو وہ شخص گمراہی میں بڑی دور جاپڑا" (ترجمہ تھانویؒ) آسمانی کتب میں سب سے بڑی درجِ ذیل چار کتابیں ہیں: (۱)القرآن الکریم…………………ہمارے نبی حضرت محمدمصطفی ﷺ پر نازل شدہ عظیم کتاب ہے۔ (۲)التوراۃ …………………… جو اللہ تعالیٰ کے رسول حضرت سیدنا موسیٰ علیہ الصلاۃ والسلام پر نازل ہوئی۔ (۳)الزبور…………………… جو اللہ تعالیٰ کے نبی حضرت سیدنا داؤد علیہ الصلاۃ والسلام پر نازل ہوئی۔ (۴)الانجیل…………………… اللہ کے بندے اور رسول حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ الصلاۃ والسلام پر نازل ہوئی۔ قرآنِ پاک ان میں سب سے عظیم کتاب ہے اور ان سب کے مضامین ومعانی کا محافظ خود باری تعالیٰ ہیں؛ جس نے پہلے سب شریعتوں اور احکامات کو منسوخ (ختم) قرار دیا۔ ("اللّہُ لا إِلَـہَ إِلاَّ ہُوَ الْحَیُّ الْقَیُّوم"الخ، آل عمران:۲،۳،۴۔ "إِنَّا أَوْحَیْنَا إِلَیْکَ کَمَا أَوْحَیْنَا"الخ، النسائ:۱۶۳۔ بخاری، "عن سالِمِ بنِ عبدِ اللہ عن أَبِیہِ أَنہ أَخبرہُ أَنہ سمِع رسول اللہﷺ یقولُ إِنما بقاؤکُم فِیما سلف قبلکم"الخ، باب من ادرک رکعۃ من العصر قبل المغرب، حدیث نمبر:۵۲۴)