انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** سفر سے قبل نماز حضرت ابو ہریرہؓ سے مروی ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا جب گھر سے نکلو تو دورکعت نماز پڑھ لو،سفر کی تمام ناپسندیدہ باتوں سے محفوظ رہوگے۔ (مجمع الزوائد:۲/۲۸۷) حضرت مطعم ؓ سے مروی ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا اس سے بہتر کوئی نہیں کہ سفر میں جاتے ہوئے اہل وعیال میں دورکعت نماز پڑھ لے۔ (اذکار نووی:۱۸۷) علامہ نوویؒ نے ذکر کیا ہے کہ مستحب یہ ہے کہ پہلی رکعت میں فاتحہ کے بعد سورہ کافرون اوردوسرے میں سورہ احد یا سورہ فلق اورسورہ ناس اورسلام پھیر کر آیت الکرسی پڑھے ،روایت میں ہے کہ گھر سے نکلنے سے پہلے جو آیت الکرسی پڑھے گا، اس کے واپس آنے تک کوئی نا پسندیدہ بات پیش نہیں آئے گی اور ابو الحسن قزونی نے بیان کیا کہ سورہ قریش کا پڑھنا ہر مصائب سے امان ہے۔ اورنماز سفر سے فارغ ہونے کے بعد یہ دعاء پڑھے اَللّٰھُمَّ بِکَ اَسْتَعِیْنُ وَعَلَیْکَ اَتَوَکَّلُ اَللّٰھُمَّ ذَلِّلْ لِیْ صَعُوْبَۃَ اَمْرِیْ وَسَھِّلْ عَلَیَّ مَشَقَّۃَ سَفَرِیْ، وَارْزُقْنِیْ مِنَ الْخَیْرِ اَکْثَرَ مِمَّا اَطْلُبُ ،وَاصْرِفْ عَنِّی کُلِّ شَرِّ رَبِّ اشْرَحْ لِیْ صَدْرِیْ، وَیَسِّرْلِیْ اَمْرِیْ، اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْتَحْفِظُکَ وَاَسْتَوْدِعُکَ نَفْسِیْ وَدِیْنِیْ وَاَھْلِیْ وَاَقَارِبِیْ وَکُلَّ مَا اَنْعَمْتَ عَلیَّ وَ عَلَیْھُمْ بِہ مِنْ آخِرَہِ وَدُنْیَا فَاحْفَظْنَا اَجْمَعِیْنَ مِنْ کُلِّ سُو ءٍ یَا کَرِیْمُ ترجمہ: اے اللہ تجھ سے ہی اعانت اورتجھ ہی پر بھروسہ کرتا ہوں ،اے اللہ ہمارے کام کی مشکلات کو آسان فرما اور سفر کی مشقت کو ہم پر سہل فرما اور جو میں مانگوں اس سے زیادہ خیر عطا فرما، اورہر شر سے ہماری حفاظت فرما، میرے سینے کو کھول دے،اے میرے رب اور میرا کام آسان فرما اے اللہ میں آپ سے حفاظت طلب کرتا ہوں اوراپنی جان،دین ،اہل واقارب اوران تمام نعمتوں کو جو ہم پر اوران پر ہیں، خواہ اخروی ہوں یا دنیوی سب تیرے حوالہ کرتا ہوں، ہم سب کی تمام نامناسب امور سے حفاظت فرما اے کریم۔ اس کے بعد جب اٹھ کر چلنے لگے تو یہ دعا پڑھے اَللّٰھُمَّ اِلَیْکَ تَوَجَّھْتُ وَبِکَ اِعْتَصَمْتُ اَللّٰھُمَّ اَکْفِنِیْ مَاھَمَّنِیْ وَمَا لَا اَھْتَم لَہُ اَللّٰھُمَّ زَوِّدْنِیْ التَّقْوَیٰ،وَاغْفِرْلِیْ ذَنْبِیْ وَوَجِّھْنِیْ لِلْخَیْرِ اَیْنَمَا تَوَجَّھْتُ (اذکار نووی:۱۸۶) ترجمہ:اے اللہ!میں آپ ہی کی طرف توجہ کرتا ہوں اورآپ ہی سے چمٹتا ہوں،اے اللہ،اہم اورغیر اہم معاملوں میں آپ ہی کافی ہوجایے ،اے اللہ،توشۂ تقویٰ سے نوازئیے،میرے گناہ معاف کیجئے،جدھر میں جاؤں ،خیر کومتوجہ کردیجئے۔