انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** محاصرہ کی طوالت حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ طائف کے محاصرہ کو جب پندرہ دن گذر گئے تو آنحضرت ﷺ نے نوفل بن معاویہ سے مشورہ کیا کہ محاصرہ کو جاری رکھنے کہ متعلق تمہاری کیا رائے ہے ؟ انہوں نے کہا کہ یا رسول اﷲ! ثقیف کی مثال اس لومڑی کی ہے جو اپنے بل میں چھپی بیٹھی ہو، اگر آپﷺ اس کے پیچھے پڑے رہیں گے اسے پکڑ لیں گے اور اگر اسے چھوڑ دیں تب بھی وہ آپﷺ کو کچھ ضرر نہیں پہنچاسکتی، اسی زمانہ میں حضور ﷺ نے خواب دیکھا کہ آپﷺ کے سامنے ایک پیالہ مکھن سے بھرا ہوا پیش کیاگیامگر ایک مرغ نے ٹھونگ مار کر بہا دیا، آپﷺ نے حضرت ابوبکرؓ سے خواب کا تذکرہ فرمایا، حضرت ابوبکرؓ نے عرض کیا… یا رسول اﷲ! میرا خیال ہے کہ ہم اس جنگ میں اپنا مقصد حاصل نہ کرسکیں گے، محاصرہ کی طوالت کے دوران حضرت عمرؓ نے عرض کیا: یا رسول اﷲ! اب تو ثقیف کے لئے آپﷺ بددعا فرمائیں، حضور ﷺ نے جواب دیا " اے عمر ! مجھے ثقیف کے لئے اﷲ تعالیٰ نے بددعا کی اجازت نہیں دی" ، حضرت عمرؓ نے عرض کیا… یا رسول اﷲ! جس قوم کے لئے اﷲ تعالیٰ نے آپﷺ کو بددعا سے روک دیا ہم اس کے مقابلہ میں اپنی جانیں کیوں گنواتے رہیں، یہ سن کر حضور اکرم ﷺ نے محاصرہ ختم کرنے کا فیصلہ فرمایا اور حضرت عمرﷺ کے ذریعہ لوگوں میں منادی کروادی کہ ہم انشااﷲ کل واپس ہوں گے؛ لیکن یہ اعلان بعض صحابہؓ پر گراں گذرا، وہ کہنے لگے کہ ہم طائف فتح کئے بغیر واپس نہ ہونگے، اس پر حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ اچھا کل لڑائی پر چلنا ہے، چنانچہ دوسرے روز لڑائی پر گئے؛ لیکن دشمن کے تیروں کا نشانہ بننا پڑا اور کئی صحابہؓ زخمی ہوگئے ، اس کے بعد آپﷺ نے فرمایا! ہم انشااﷲ کل واپس ہونگے، یہ سن کر صحابہؓ خوش ہوگئے اور کوچ کی تیاری کرنے لگے، آپﷺ نے فرمایا کہ کہو (ہم)لوٹنے والے، توبہ کرنے والے، اپنے رب کی عبادت کرنے والے اور حمد کرنے والے ہیں، لیکن بعض صحابہؓ نے روانگی کے وقت پھر عرض کیا… یا رسول اﷲ! ثقیف کے کافروں کے لئے بددعا فرمائیں؛ لیکن حضور ﷺ نے دونوں ہاتھ اٹھا کر دعا فرمائی! " اے اﷲ ثقیف کو ہدایت نصیب فرما اورانہیں میرے پاس بھیج دے" یہ دعا قبول ہوئی اور جلد ہی ثقیف کے سردار حضور اکرمﷺ کے قدموں میں آگرے، واپسی: آنحضرت ﷺ نے محاصرہ کو طول دینا پسند نہ فرمایا اس لئے کہ حُرمت والا مہینہ(ذی قعدہ) قریب آرہا تھا جس میں قتال و جہاد جائز نہیں ، رسول اﷲ ﷺ طائف کا ایک مہینہ یا بیس روز تک محاصرہ کرنے کے بعد مراجعت فرمائی، جعرانہ ہوئے ہی تھے کہ ماہِ ذیقعد شروع ہوگیا اور آنحضرت ﷺنے اپنے لشکر سمیت عمرہ کا احرام باندھا، بعض راوی یہ بھی کہتے ہیں کہ طائف سے واپسی کے موقع پر آنحضرت ﷺ نے ماہِ محرم ختم ہوجانے کے بعد پھر حملہ کرنے کا ارادہ ظاہر فرمایا. (حیات محمد- محمد حسین ہیکل)