انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** (۹)قاسم بن محمدؒ (۱۰۷ھ) فقیہ مدینہ حضرت قاسمؒ حضرت ابوبکرؓ کے پوتے، علم وعمل کے جامع اور مدینہ کے فقہاء سبعہ میں سے ایک تھے، اپنی پھوپھی حضرت ام المؤمنینؓ، حضرت ابن عباسؓ، حضرت امیرمعاویہؓ، حضرت عبداللہ بن عمرؓ اور حضرت فاطمہ بنتِ قیسؓ سے حدیث پڑھی اور تعلیم حاصل کی اور آپؒ سے آپؒ کے بیٹے عبدالرحمنؒ، امام زہریؒ، ابن المنکدرؒ، ربیعہ الرایؒ، افلح بن حمیدؒ، حنظلہ بن ابی سفیانؒ، ایوب السختیانیؒ جیسے ائمہ علم نے روایات لیں اور اکتسابِ علم کیا، آپؒ سے دوسو کے قریب حدیثیں مروی ہیں، ابوالزناد عبدالرحمٰن (۱۳۱ھ) کہتے ہیں: "مارأیت فقیہاً اعلم من القاسم ومارأیت احدًا اعلم بالسنۃ منہ"۔ (تذکرہ:۹۱) ترجمہ: میں نے قاسم سے بڑا فقیہ کسی کونہیں دیکھا اور نہ کسی کودیکھا جو ان سے زیادہ سنت جاننے والا ہو۔ ابنِ سعد کہتے ہیں: "کان اماماً فقیہاً ثقۃً رفیعاً ورعاً کثیرالحدیث"۔ یحییٰ بن سعیدؒ کہتے ہیں: "ماادرکنا بالمدینۃ احداً نفضلہ علی القاسم بن محمد"۔ (الاکمال:۶۱۸) ترجمہ: ہم نے مدینہ شریف میں کسی کونہ پایا جسے قاسم بن محمدپر فضیلت دے سکیں۔