عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم کتاب الایمان تمہید ۱۔ جب آدمی عاقل اور بالغ ہوجاتاہے تو اس کو ایمان لانا یعنی اللہ تعالیٰ کو ایک اور رسولوں کو برحق ماننا فرض ہوجاتاہے (جس کی تفصیل دوسرے بیان میںآئے گی ) اور ایمان کے فرض ہوجانے پر تمام عبادات منجملہ فرائض اور واجبات وغیرہ کے اس پرفرض ہوجاتے ہیں اور تمام منہیات (یعنی جن چیزوں سے شرع نے منع کیا ) اور محرمات (یعنی جوچیزیں شرع میں حرام ہیں ) حرام ہوجاتے ہیں۔ ۲۔ فرض: دوقسم کے ہیں، ۱۔ دائمی جوہمیشہ فرض ہو، اور وہ ایمان پر ثابت قدم رہنا اور حرام اور کفر وشرک سے دور رہنا ہے(اور یہ عقائد سے تعلق رکھتا ہے جن کاحامل علم کلام ہے)، ۲۔ وقتی،جو کہ خاص وقت پر فرض ہوں، جیسے نماز، روزہ، زکوٰۃ،حج وغیرہ (پہلی قسم کے فرائض کے علاوہ تمام فرائض موقت ہیں جن کا حامل علم فقہ ہے ) اس مختصر کتاب میں ان ہردوقسم کے مسائل بالتفصیل بیان ہوں گے انشاء اللہ۔