عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
(بلاواسطہ واجبات یعنی افعالِ حج کے واجبات کی تفصیل اُن افعال کے بیان میں درج ہے، مؤلف) حج کے چھ واجبات : حج کے بلاواسطہ چھ واجبات یہ ہیں : (۱) صفا اور مروہ کے درمیان سعی کرنا۔۲؎ (۲)مزدلفہ میں وقوف کی وقت وقوف کرنا یعنی ٹھہرنا اگرچہ وہ نماز فجر کے بعد ایک ساعت ہی ہو ۳؎ دسویں ذی الحجہ کی صبح صادق طلوع ہونے کے بعد کچھ وقت کے لئے مزدلفہ میں رہنے کو وقوفِ مزدلفہ کہتے ہیں ۴؎ (۳)رمیء جمار یعنی جمروں پرکنکریاں مارنا ۵؎۔…(۴)قارن اور متمتع کا قربانی کرنا ۶؎ (۵)حلق کے وقت اور مقام میں حلق کرانا یعنی سر کے بال منڈانا یا تقصیر کرانا یعنی سر کے بال کتروانا اور مرد کے لئے حلق افضل ہے ۷؎ اور یہ پانچ واجبات ہر حاجی کے لئے ہیں خواہ وہ آفاقی ہو یا مکی اور خواہ قارن ہو یا متمتع یا مفرد سوائے ذبح ہدی کے کہ یہ صرف قارن اور متمتع پر واجب ہے مفرد پر واجب نہیں ہے بلکہ اس کواختیار ہے اگر چاہے تو ذبح کرے اور ذبح کرنا اس کے لئے افضل ہے ۸؎ (۶) آفاقی کا طوافِ صدر کرنا اس کو طوافِ وداع بھی کہتے ہیں اور یہ آفاقی کے لئے خاص ہے اہلِ مکہ کے لئے نہیں ہے اور عورت کے لئے اس وقت ہے جبکہ وہ حیض کی حالت میں نہ ہو کیونکہ حیض کی حالت میں طوافِ وداع اس سے ساقط ہوجاتا ہے ۹؎ (ان واجبا ت کی تفصیل اور دیگر واجبات جو بالواسطہ ہیں اپنے اپنے مقام پر بیان کئے جائیں گے انشاء اﷲ ، مؤلف)