عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
مکہ معظمہ میں قبو لیتِ دعا کے مقامات : یوں تو مکہ معظمہ میں ہر جگہ دعا قبول ہوتی ہے لیکن بعض خاص خاص مقامات پر خصوصیت سے دعا قبول ہوتی ہے وہ یہ ہیں:۔(۱)مطاف یعنی طوا ف کرنے کی جگہ اور اس سے مراد وہ جگہ ہے جو حضورانور ﷺ کے زمانہ میں مسجد حرام تھی ورنہ طواف جائز ہونے کے لحاظ سے موجودہ تمام مسجدِ حرام مطاف ہے اور بعض کے نزدیک مطلق مطاف یعنی موجودہ تمام مسجد دعا کی قبولیت کے لئے مخصوص ہے۔…(۲)ملتزم یعنی جمہور کے نزدیک بیت اﷲ کی دیوار کاوہ حصہ جو حجرِ اسود اور بیت اﷲ شریف کے دروازے کے درمیان ہے ۔ (۳)میزابِ رحمت یعنی بیت اﷲ شریف کے پرنالے کے نیچے۔…(۴) بیت اﷲ شریف کے اندر۔…(۵)چاہِ زمزم کے پاس۔ … (۶)مقامِ ابراہیم کے پیچھے۔…(۷)صفا پر ۔…(۸)مروہ پر ۔…(۹)سعی کرنے کی جگہ میں یعنی صفاومروہ کے درمیان خاص کر میلین اخضرین کے درمیان ۔…(۱۰)عرفات میں ۔…(۱۱)مزدلفہ میں خاص کر مشعر الحرام میں ۔… (۱۲)منیٰ میں ۔… (۱۳)تا(۱۵)تینوں جمرات کے پاس (یہ مقامات اما م حسن بصریؒ سے مروی ہیں بعض نے اور اضافہ کیا ہے وہ یہ ہیں)۔…(۱۶)بیت اﷲ پر نظر پڑنے کے وقت خواہ مکی ہو یا آفاقی دونوں کے لئے یکسا ں حکم ہے ۔…(۱۷)سدرہ (بیری کے درخت ) کے پاس یہ بیری عرفات میں تھی لیکن اب اس کی جگہ غیر معروف ہے۔…(۱۸)رکن یمانی کے پاس ۔…(۱۹)رکن یمانی وحجرِ اسود کے درمیان۔…(۲۰)تمام حطیم کے اندر ۔…(۲۱)منیٰ میں ہر مہینے کی چاند کی چودہویں رات کے نصف میں۔…(۲۲)مستجار جو کہ رکن یمانی اور خانہ کعبہ کے مسدود دروازے کے درمیان ہے۔