عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
(۶)مکان وہ بیت اﷲ شریف کے گرد چاروں طرف مسجد الحرام کے اندر سے ہے خواہ مسجد الحرام کی چھت کے اوپر سے ہی ہو مسجد کے باہر سے جائز نہیں ۔ ۴؎ شرائطِ وجوبِ ِ طوافِ زیارت : منسک الکبیر میں ہے کہ طوافِ زیات کے واجب ہونے کی شرطیں یہ ہیں، حج کا احرام ہونا،اسلام، عقل، بلوغ، البتہ آزاد ہونا اس کے وجوب کے لئے شرط نہیں ہے پس غلام پر بھی واجب ہے اور نابالغ بچہ اور مجنوں اور کافر پر واجب نہیں ہے ۵؎ ارکانِ طوافِ زیات : طوافِ زیارت کی ارکان تین ہیں :۔(۱)طواف کا اکثر حصہ یعنی چار یازیادہ چکر کرنا ۔ (۲)بیت اﷲ شریف کے اندر سے نہ ہونا بلکہ بیت اﷲ کے گرد اگرد ہونا۔ (۳)طواف خود کرنا خواہ اس کو کوئی شخص اٹھائے ہوئے ہو یا اونٹ وغیرہ سواری پر سوار ہوکر کرے پس ِ طوافِ زیارت میں نیابت جائز نہیں ہے لیکن ان پانچ شخصوں کے حق میں نیابت جائز ہے بے ہوش، سویا ہوا مریض، احرام باندھنے سے پہلے کا مجنوں جبکہ ان کا جنون طوافِ زیارت ادا کرنے تک قائم رہے، بے سمجھبچہ، بالغ مجنوں یعنی جو جنون کی حالت میں بالغ ہواہو جبکہ بچہ اور بالغ مجنوں کی طرف سے ان کے ولی نے احرام باندھا ہو ۶؎ واجباتِ طوافِ زیارت : واجباتِ طوافِ زیارت سات ہیں:۔(۱)حدث اصغر و اکبر سے طہارت حاصل ہونا یعنی جنبی یا بے وضو نہ ہونا۔…(۲)سترِ عورت۔…(۳)چلنے پر قدرت ہوتے ہوئے پیدل چل کر طواف کرنا۔