عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
(۱۲) مستحب یہ ہے کہ کنکریاں کھجور کی گٹھلی یا باقلہ (مٹر، لوبیا) کے دانہ کی برابر ہو یہی مختار ہے ۔ (۱۳) مستحب یہ ہے کہ مزدلفہ سے سات کنکریاں اٹھالی جائیں اور پہلے دن جمرئہ عقبہ پر ان سے رمی کی جائے اور اگر مزدلفہ کے علاوہ کسی اور جگہ سے لیں تب بھی جائز ہے اور اگر مزدلفہ یا راستہ میں سے ستر (۷۰)کنکریاں اٹھائیں تب بھی جائز ہے اور بعض نے کہا کہ یہ مستحب ہے اور ان کا ہر جگہ سے لینا جائز ہے سوائے جمرہ کے پاس اور مسجد اور نحس جگہ سے لینے کے کہ ان تین جگہوں سے لینا جائز مگر مکروہ ہے، خلاصہ یہ ہے کہ سات کنکریوں کے علاوہ باقی کے لئے ہمارے فقہا کے نزدیک کوئی جگہ مخصوص نہیں ہے ۴؎ ۔ (۱۴) مستحب یہ ہے کہ کنکریوں کو مارنے سے پہلے دھولیا جائے یہ حکم مطلق طور پر ہے یعنی اگرچہ پاک جگہ سے لی ہوں، یہ اس لئے ہے تاکہ ان کی طہارت کا یقین ہوجائے کیونکہ رمی عبادت ہے اور وہ ان کے ذریعہ سے اﷲ تعالیٰ کی نزدیکی حاصل کرتا ہے ۵؎ ۔ (۱۵) افضل یہ ہے کہ چوتھے روز کی رمی کے لئے منیٰ میں قیام کرے کیونکہ یہ عبادت کی تکمیل کا دروازہ ہے ۶؎ ۔ (۱۶) رمی کا مستحب کیفیت سے ادا کرنا ۷؎ (اس کی تفصیل حج کی کیفیت کے بیان میں رمی کی کیفیت میں مذکور ہے، مؤلف)۔ محرمات رمی : محرماتِ رمی واجباتِ رمی کے بالمقابل ہیں اوریہ تین چیزیں ہیں:۔ (۱) پہلے دن کی جمرۃ العقبہ کی رمی پر حلق کو مقدم کرنا خواہ مفرد (حج افراد والا ) ہویا قارن یا متمتع ہو، یہ امام صاحب کے نزدیک ہے۔