عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
حج فاسد ہونے کے احکام : حج فاسد ہوجانے کے متعلق احکام یہ ہیں(۱)ہمارے فقہا کے نزدیک اس پر بکری واجب ہوتی ہے پس اگر کسی نے وقوفِ عرفہ سے پہلے جماع کیا تو اس کا حج فاسد ہوجائے گا اور اس پر ایک بکری ذبح کرنا واجب ہوگا ،اور اگر کسی شخص نے وقوفِ عرفہ سے پہلے جماع کیا اس کے بعد پھر دوبارہ جماع کیا پس اگر وہ دونوں جماع ایک ہی مجلس میں واقع ہوئے تو اس پر استحساناً ایک ہی دم واجب ہوگا اور قیاس یہ ہے کہ اس پر ہر جماع کے لئے علیحدہ علیحدہ دم واجب ہوگا اس لئے کہ جب جنایت مکرسرزد ہوگی تو جزا بھی مکرر واجب ہوگی لیکن فقہا نے استحسان کو اختیار کیا ہے اور صرف ایک ہی دم واجب کیا ہے اور اگر دونوں جماع دو مختلف مجلسوں میں واقع ہوئے تو امام ابو حنیفہؒ وامام ابو یوسف رحمہم اﷲکی قول میں اس پر دو دم واجب ہوں گے اور امام محمدؒ نے کہا کہ اس پر ایک ہی دم واجب ہوگا لیکن اگر اس نے پہلے جماع کا کفارہ ادا کردیا تو ( امام محمدؒ کی نزدیک بھی ) دوسرے جماع کے لئے دوسرا دم واجب ہوگا جیسا کہ ماہِ رمضان کاروزہ توڑدینے کے کفارہ میں حکم ہے اوراس پر دوسرے جماع کی وجہ سے بھی ایک بکری ہی واجب ہوگی اس لئے کہ پہلے جماع سے ایک بکری واجب ہوتی ہے پس دوسرے جماع سے بدرجہ اولیٰ ایک بکری ہی واجب ہوگی( اس کی تفصیل جنایات کے بیان میں گزرچکی ہے وہاں ملاحظہ فرمائیں ،مؤلف) (۲) اسی احرام کے ساتھ فاسد حج کے بقیہ افعال ادا کرے پس وہ تمام چیزیں ادا کرے جوصحیح حج میں اداکی جاتی ہیں اور ان تمام چیزوں سے اجتناب کرے جن سے صحیح حج میں اجتناب کیا جاتا ہے۔