عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
پل صراط:پل صراط حق ہے، اس کامنکر بھی کافرہے، میدان ِحشر کے گرددوزخ محیط ہوگی،جنت میں جانے کے لئے اس دوزخ پر ایک پل ہوگا جو کہ بال سے زیادہ باریک، تلوار سے زیادہ تیز اور رات سے زیادہ کالا ہوگا یعنی اس پر اندھیرا ہوگا سوائے ایمان کی روشنی کے اور روشنی نہ ہوگی اس کی سات گھاٹیاں ہیں اور ہر ایک گھاٹی تین تین ہزار کوس کی ہیں سب کو اس پر چلنے کا حکم ہوگا اس پر سب سے پہلے نبیوں کے سردار حضرت محمد ﷺ گزریں گے ( جو کل جہاں کے رہبر اور امت کے غمخوار ہیں اور امت کی خاطر فضل الٰہی کے طالب ہیں اور ایک لاکھ فرشتے پل صراط کے ہر طرف کھڑے ہوئے دعا مانگتے ہوں گے ) آپ کے بعد آپ کی امت گزرے گی اور پھر اور خلقت باری باری گزرے گی اس وقت سوائے انبیاء کے اور کوئی کلا م نہ کرے گا اور انبیائے علیہم السلام کا کلام یہ ہوگا اَللّٰھُمَّ سَلّمِ سَلّمِ ’’اے اللہ سلامت رکھ سلامت رکھ‘‘ اور جہنم میں پل صراط کے دونوں جانب سعد ان جھاڑی کے کانٹوں کی مانند آنکڑے ہوں گے کہ ان کی لمبائی اللہ تعالی ہی بہتر جانتا ہے پس وہ لوگوں کو بقدر اعمال وحسب حکم الٰہی پکڑیں گے بعض کو بالکل پکڑ کر جہنم میں گرادیں گے اور بعض کا گوشت چھیل ڈالیں گے لیکن زخمی کو اللہ تعالی جنت دے گا۔ مومن سب گزر جائیں گے بعض تو اس پر سے بجلی کی مانند گزر جائیں گے اور بعض تیز ہوا کی مانند بعض پرند جانوروں کی مانند بعض تیز گھوڑے کی مانند، بعض تیز اونٹ کی مانند جلد گزر جائیں گے بعض جیسے تیز آدمی دوڑتا ہے بعض تیز چلنے والے پیدل کی مانند بعض عورتوں کی طرح آہستہ آہستہ بعض سرین پر گھسٹتے ہوئے چلیں گے اور کوئی چیونٹی کی چال چلے گا کفا راور منافق سب کٹ کٹ کر دوزخ میں گر جائیں گے۔