عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
سال مثل مہینے کے اور مہینہ مثل ہفتے کے اور ہفتہ مثل دن کے اور دن ایسا ہوجائے گا جیسے کسی چیز کو آگ لگی اور بھڑ ک کر جلد ختم ہوگئی، یعنی بہت جلد جلد وقت گزرے گا۔ ملک عرب میںکھیتی،اور باغات اور نہریں ہوجائیں گی، مال کی کثرت ہوگی، نہرِ فرات اپنے خزانے کھول دے گی کہ وہ سونے کے پہاڑ ہوں گے، علاوہ اس بڑے دجال کے تیس دجال اور ہوں گے وہ سب دعویٰ نبوت کریں گے حالانکہ نبوت ختم ہوچکی، ان میں سے بعض گزر چکے جیسے مسلمہ کذاب، طلیحہ بن خویلد، اسو عنسی، سباح عورت جو کہ بعد میں اسلام لے آئی تھی۔ غلام احمد قادیانی وغیرہم اور جو باقی ہیں ضرور ہوں گے، غرض یہ کہ اور بھی بہت سی علامات حدیثوں میںآئی ہیں۔ علاماتِ کبریٰ:علامات کبریٰ یعنی امام مہدی رضی اللہ عنہ کے ظہور سے نفخ صور تک جوعلامات ظاہر ہوںگی وہ یہ ہیں۔ سب سے پہلی علامات امام مہدی کاظہور ہے۔ مہدی ہدایت یا فتہ کو کہتے ہیں اس معنی کے لحاظ سے بہت سے مہدی ہوچکے ہیں اور امام مہدی موعود (جن کا تذکرہ احادیث میں بکثرت ہے) کے زمانے تک بہت سے مہدی ہوں گے۔، اسی طرح دجال بھی دجال موعود سے پہلے بہت سے ہوں گے لیکن علامات قیامت میں جس مہدی موعود اور دجال موعود کا ذکر آتا ہے وہ مخصوص اشخاص ہیں چنانچہ امام مہدی رضی اللہ عنہ ایک خاص شخص ہیں جو دجال موعود کے وقت میں ظاہر ہوں گے اور اس سے پہلے نصاریٰ سے جنگ کر کے فتح یاب ہوں گے۔ آپ کا حلیۂ مبارک یہ ہے: قد مائل بہ درازی، قوی البحثہ، رنگ سفید سرخی مائل، چہرہ کشادہ، ناک باریک وبلند، زبان میںقدرے لکنت کہ جب کلام کرنے میں تنگ ہوں گے توزانو پر ہاتھ ماریں گے اور آپ کا علم لدنی ہوگا۔ چالیس برس کی عمر میں ظاہر ہوں گے۔