عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
(۳) اور غلام کا نفلی احرام لازمی طور پر منعقد ہوجاتا ہے پس اگر غلام احرام کی حالت میں آزاد ہوگیا تو اس کو اپنے اس احرام کو فسخ کرکے نئے سرے سے حج فرض کا احرام باندھنا ممکن نہیں ہے پس اس کو اس احرام کے افعال کا پورا کرنا واجب ہے بخلاف نابالغ کے کہ جب وہ احرام کی حالت میں بالغ ہوجائے تو اس کے لئے جائز ہے کہ وہ اس احرام کو فسخ کرکے نئے سرے سے حج فرض کا احرام باندھ لے جیسا کہ شرائطِ حج میں بیان ہوچکا ہے پس غلام اپنے اس حج نفل کے احرام کے افعال اداکرے، اگر آزاد ہونے کے بعد اس پر حج فرض ہوجائے تو اس سے اس کا فرض حج ادا نہیں ہوگا ۳؎ (لہٰذا اس کو فرض حج ادا کرنے کے لئے دوبارہ حج کرنا ہوگا، مؤلف) اور جب آقا نے اپنی اس لونڈی کو جس کی وہ شادی کرچکا ہے حج کرنے کی اجازت دیدی تو اس کے خاوند کو اس لونڈی کا احرام فسخ کرانا جائز نہیں ہے ۴؎ طواف طواف کی تعریف : لغت میں طواف کے معنی مکان وغیرہ کسی چیز کے گرد گھومنا ہے ۵؎ اور شرع شریف میں طواف کے معنیٰ بیت اﷲ شریف کے گرد کم سے کم چار مرتبہ یا اس سے زیادہ سات مرتبہ تک گھومنا ہے خواہ یہ بات کسی طرح سے بھی حاصل ہوجائے ۶؎ اور جاننا چاہئے کہ بیت اﷲ شریف کا طواف نماز کی طرح عبادتِ معقولہ ومقصودہ ہے اور بیت اﷲ شریف کے طواف کے لئے کچھ اقسام وشرائط و ارکان وواجبات وسنن وآداب ہیں ۷؎ ان سب کی تفصیل الگ الگ عنوان کے تحت درج کی جاتی ہے (مؤلف)