عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
طوافِ فرض وطوافِ عمرہ سے پہلے احرام کا ہونا : طوافِ زیارت کے لئے شرط ہے کہ یہ حج کا احرام باندھنے کے بعدواقع ہو اور اسی طرح طوافِ عمرہ کے لئے بھی یہ شرط ہے کہ عمرہ کا احرام باندھنے کے بعد ہو، اگرچہ یہ شرط نہیں ہے کہ طوافِ زیارت و طوافِ وداع کے ادا ہونے کے وقت تک اس کا احرام باقی ہو ۱۰؎ طوافِ زیارت سے پہلے وقوفِ عرفات ادا ہونا : اور ایک شرط یہ ہے کہ طوافِ زیارت وقوفِ عرفات کے بعد واقع ہو ۱۱؎ اور یہ شرط تقدیمِ احرام کی شرط میں داخل ہے کیونکہ طوافِ زیارت کا وقت وقوفِ عرفہ کے بعد ہی آتا ہے اور احرام کے بغیر وقوفِ عرفات درست نہیں ہے ۱۲؎ نیز طوافِ وداع کے لئے شرط ہے کہ طوافِ زیارت کے بعدواقع ہو ۱۳؎ ارکانِ طواف : طواف کے ارکان تین ہیں ۔(۱)طواف کے اکثر چکر ادا کرنا۱۴ ؎ کیونکہ طواف کے چکروں کی یہ مقدار فرض ہے ۱۵؎ اور اکثر چکروں سے مراد چار چکر ہیں کیونکہ اکثر حصہ کل کے حکم میں ہوتا ہے اور طواف کے باقی تین چکر واجب ہیں پس اگر کسی شخص نے چار چکر ادا کئے اور تین چکر چھوڑدیئے تو امام ابو حنیفہؒ کے نزدیک جائز ہے اور طوافِ زیارت میں ایسا کرنے سے اس پر دم لازم ہوگا اوراس کے علاوہ دوسرے طوافوں میں ایسا کرنے سے صدقہ لازم ہوگا جیسا کہ جنایات کے بیان میں تفصیل سے آئے گا ۶ا؎ اور اس کو شرائط میں شمار کرنا عبارت کی خامی ہے ۱۷؎