عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
وہی ہونے چاہئیں جن کو پہلے وقت میں کھلایا ہے پس اگر صبح کو کچھ فقیروں کو کھلایا اور شام کو ان کے علاوہ دوسرے فقیروں کو کھلایا تو جائز نہیں ہے لیکن اگر ایک وقت والے فقیروں کو دوسرے وقت بھی کھلا دیا تو اب جائز ہوجائے گا۔ (۷) دونوں وقت میں پیٹ بھر کر کھلانا شرط ہے اگر ان میں سے کسی کا پہلے سے پیٹ بھرا ہوا تھا اور کھانے میں شریک ہوگیا تو اس میں مشائخ کا اختلاف ہے ۔ اصح یہ ہے کہ اس کو کھلانا کافی نہ ہوگا اور اس بارے میں پیٹ بھرنے کا اعتبار ہے مقدار کا اعتبار نہیں جیسا کہ تملیک میں مقدارِ طعام کا اعتبار ہے پیٹ بھرنے کا اعتبار نہیں، پس اگر فقراء کو مقدار واجب سے کم کا کھانا پکا کر دیا گیا اور اس سے ان سب کا پیٹ بھر گیا تو جائز ہے اور اگر ان کو بقدر واجب کھانا پکا کر دیا گیا لیکن اس سے ان کا پیٹ نہیں بھرا تو جائز نہیں بلکہ اتنا اور کھانا دینا واجب ہوگا کہ جس سے ان کا پیٹ بھر جائے۔ (۸) صدقہ کی ادائیگی جنایت سرزد ہونے کے بعد ہونا، پس اگر جنایت کے وقوع سے پہلے صدقہ ادا کردیا تو جائز نہیں ہے جیسا کہ قسم توڑنے کا کفارہ قسم توڑنے سے پہلے ادا کیا تو ادا نہیں ہوگا۔ (۹) کفارہ کا صدقہ ادا کرنے کے متصل کفارہ کی نیت ہونا اگر صدقہ دیتے وقت نیت نہیں کی تھی بلکہ اس سے پہلے یا پیچھے نیت کی تو کفارہ ادا نہ ہوگا۔ ۱؎ (تکملہ ) (۱) گیہوںکی روٹی کے ساتھ سالن ہونا شرط نہیں بلکہ مستحب ہے گیہوں کے علاوہ کسی اور چیز مثلاً جو وغیرہ کی روٹی کے ساتھ سالن شرط ہونے میں اختلاف ہے (اس لئے احتیاط یہ ہے کہ جو وغیرہ کی روٹی کے ساتھ سالن دے ، ۲؎ )