عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
لئے ہم زمین سے ایک جانور نکالیں گے کہ کلام کرے گا اُن سے، کہ لوگ اللہ تعالی کی آیات پر یقین نہ لاتے تھے ‘‘ اور اس بارے میں احادیث بھی آئی ہیں، اس کا ثبوت حدِ تواتر کو پہنچ گیا ہے اس لئے اس کا انکار کفرہے۔ طلوع ِآفتاب از مغرب اور خروج دابۃ الارض کے سو برس کے بعد قیامت آجائے گی۔ ہوائے سرد: دابہ نکلنے کے کچھ عرصے بعد ( جب قیام ِقیامت کو صرف چالیس سال رہ جائیں گے تو ) شام کی طرف سے ایک خوشبو دار ٹھنڈی ہوا چلے گی جو بغلوں کے نیچے سے گزرے گی جس کا اثر یہ ہوگاکہ کوئی اہل ایمان اور اہل خیر زمین پر باقی نہ رہے گا سب اس سے مرجائیں گے یہاں تک کہ اگر کوئی پہاڑ کے غار میں چھپے گا تو وہاں بھی وہ ہوا پہنچے گی اور اس کو ماردے گی اس کے بعد کافرہی کافر رہ جائیں گے جو نیکی اور بھلائی نہ جانیں گے۔ (مسلم ) غلبہ کفارِ حبشہ :اس کے بعد حبشہ کے کفار کاغلبہ ہوگا اور ملک میں ان کی سلطنت ہوجائے گی اور وہ حبشی خانہ کعبہ منہدم کردیں گے اور اس کے نیچے سے خزانے نکالیں گے اس وقت ظلم وفساد سے د نیابھر جائے گی۔ چوپایوں کی طرح لوگ کوچہ وبازار میں ماں بہن سے جماع کیا کریں گے، قرآن کاغذوں سے اُٹھ جائے گا،کوئی اہل ایمان دنیا پر باقی نہ رہے گا اور آپس کے جور وظلم سے شہر اُجاڑ ہوجائیں گے، قحط ووباکا ظہورہوگا۔ اس کے بعد ملک شام میں کچھ ارزانی ہوگی اور امن ہوگا تب تجار لوگ واہل حرفہ وغیرہ گھر بار چھوڑ کر اونٹوں ودیگر سواریوں پر سوار ہو کر وہاں جائیں گے یہاں تک لوگوں کی کثرت ہوگی کہ کسی اونٹ پر دو، کسی پر تین، کسی پر چار، کسی پر پانچ شخص تک سوار ہوں گے۔