عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
مہربان ہے‘‘ دوسری آیت میں ہے :شَھِدَ اللّٰہُ اَنَّہُ لَآ اِلٰہَ الَّاھُوَ وَالمَلَائِکَۃُ وَاُولُو العِلمِ قَآئِمًا بِالْقِسْطط لَا اِلٰہَ اِلَّا ھُوَالعَزِیزُ الحَکِیمُO (آل عمران:۱۸) ’’اللہ تعالیٰ گواہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبود نہیں اور فرشتے اور اہل علم بھی اس بات کی گواہی دیتے ہیں وہ انصاف قائم رکھنے والا ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں وہ غالب حکمت والا ہے‘‘ تیسری آیت قُل ھُوَ اللّٰہُ اَحَدُO (اخلاص:۱)’’آپ کہہ دیجئے کہ اللہ ایک ہے‘‘ اور چوتھی آیت ھُوَاللّٰہُ الَّذِی لَآاِلٰہَ اِلَّاھُوَ (الحشر: ۲۲ ) ’’وہی اللہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں‘‘ اسی طرح بے شمار آیتیں اللہ تعالیٰ کی توحید کی تعلیم دیتی ہیں۔ ۲۔ قِدَم: قدم کے معنی قدیم ہونااور ہمیشہ رہنا اور وجوبِ وجودکے معنی واجب الوجود ہونا،جس کے معنی پہلے بیا ن ہوچکے ہیں۔ جس کی ابتداء نہ ہو یعنی ہمیشہ سے ہو،اُسے ازلی کہتے ہیں اور جس کی انتہانہ ہو یعنی ہمیشہ رہے اُسے ابدی کہتے ہیں۔پس اللہ تعالیٰ ازلی بھی ہے اور ابدی بھی اور یہی معنی قدیم ہونے کے ہیں۔لقولہ تعالیٰ ھُوَالاَ وَّلُ وَالٰا خِرُ وَالظَّاھِرُ وَالبَاطِنُ (الحدید : ۳) ’’اول بھی وہی اللہ تعالیٰ ہے اور آخر بھی وہی اور ظاہر بھی وہی ہے باطن بھی وہی ‘‘۔ ۳۔ حیات : حیات کے معنی زندگی کے ہیں یعنی اللہ تعالیٰ ہمیشہ زندہ ہے زندگی کی صفت اس کے لئے ثابت ہے اور یہ زندگی فانی زندگیوں کی طرح نہیں ہے۔ قولہ تعالیٰ اللّٰہُ لاَاِلٰہَ اِلَّا ھُوَ الحَیُّ القَیُّومُ ’’اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ حی اور قیوم ہے ‘‘۔ ۴۔ قدرت : قدرت کے معنی طاقت کے ہیں یعنی کائنات کو پیدا کرنے اور قائم رکھنے اور پھر فنا کرنے او رپھر موجود کرنے کی قدرت رکھتا ہے اِنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ ِشَیٍٔ قَدِیرُ O ’’بے شک اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے ‘‘۔