عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
(۹) علم الالسنہ کے شوقین حضرات کے لئے حج کے زمانہ سے بہترین موقع شاید نہ مل سکے کہ ایک ہی جگہ عربی، اردو، ترکی، فارسی، ہندی، پشتو، چینی، جاوی، انگریزی وغیرہ وغیرہ ہر زبان کے واقف لوگ ملیں گے ۶ ؎ (۱۰) سپاہیانہ زندگی جو اسلامی زندگی کا خصوصی شعار ہے حج کے سفر میں پوری طرح سے پائی جاتی ہے لباس و معاش میں بھی اور چلنے پھرنے میں بھی ۷ ؎ (۱۱) سرمایہ داری کے خلاف امیر و غریب میں مساوات پیدا کرنے کی جو کوششیں کی جاتی ہیں اسلام کا ہر رکن نماز، روزہ ، حج اور زکوٰۃ اس مقصد کو نہایت آسان اور کامیاب طریقہ سے پورا کرتا ہے، اسلامی اصول سے بہتر کوئی چیزآج تک نہ پیدا ہوسکی ہے اور نہ آئندہ ہوسکے گی بشرطیکہ ان احکام کو اسلام کی صحیح تعلیم کے ماتحت ادا کیا جائے ۸ ؎ (۱۲)دنیا کے مختلف طبقا ت میں مساوات پیدا کرنے کے لئے بھی حج بہترین عمل ہے کہ امیر، غریب، بادشاہ، فقیر، ہندی، عربی، ترکی اور چینی وغیرہ سب ایک ہی حال میں ایک ہی لباس میں ایک ہی مشغلہ میں معتدبہ زمانہ تک رہتے ہیں ۹ ؎ (۱۳) اشاعتِ اسلام کے شائقین دینی احکام کے اشاعت و تبلیغ کا بطورِ خاص اہتمام کریں، مقامی حضرات باہر سے آنے والے مہمانوں کی اصل خاطر اور ضیافت اس کو سمجھیں کہ ان میں دینی جذبہ قوت پکڑے اور دین کے احکام پر عمل کا ولولہ اور شوق پیدا ہو، ان میں جو ضعف یا بددینی کے اثرات ہوںوہ زائل ہوجائیں، اسی طرح باہر سے آنیوالے حضرات بھی اس کو مقامی اصحاب کی اعانت سمجھیں تو دین کو جس قدر فروغ ہو اظہر من الشمس ہے ۱ ؎