عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
جس خوشبو کا جزو کپڑے کو نہیں لگتا اور اس کی خوشبو کپڑے میں سرایت نہیں کرتی بلکہ جب تک اس کو آگ میں نہ ڈالا جائے اس کی خوشبو نہیں اُڑتی جیسے عود و صندل وغیرہ ایسی خوشبو کو پیِسے بغیر پہنے ہوئے کپڑے میں باندھنے سے کچھ لازم نہیں آتا ۷؎ (۱۰) اگر بدن میں متفرق طور پر کئی اعضا کو تھوڑی تھوڑی خوشبو لگائی تو اس کو جمع کیا جائے گا اگر جمع کرنے کے بعد بڑے اور کامل عضو کے برابر ہوجائے گی تو دم واجب ہوگا ورنہ صدقہ واجب ہوگا ۸؎ اور ظاہر ہے کہ تھوڑی تھوڑی خوشبو لگے ہوئے متفرق اعضاء کی خوشبو والی جگہ کا مجموعہ ان خوشبو لگے ہوئے اعضاء میں سے سب سے چھوٹے عضو کے برابر پہنچنے کا اعتبار ہوگا جیسا کہ فقہا نے ستر عورت کُھل جانے کے مسئلہ میں اعتبار کیا ہے لیکن یہ ضروری ہے کہ وہ خوشبو لگا ہوا سب سے چھوٹا عضو بڑے اعضا میں شمار ہوتاہو کیونکہ چھوٹے عضو پر خوشبو لگانے سے دم واجب نہیں ہوتا جب تک خوشبو کثیر نہ ہو ۹؎ (جیسا کہ بیان ہو چکا ہے) (۱۱) عضو سے زائد کو خوشبو لگانے کا حکم وہی ہے جو عضو کامل کبیر کا بیان ہو اہے اور تمام بدن عضو واحد کی مانندہے جبکہ خوشبو لگانے کی مجلس متحد ہو ورنہ ہر دفعہ خوشبو لگانے کا کفارہ الگ ہوگا ۱۰؎ پس اگر مُحرم نے بدن کے تمام اعضاء کو ایک ہی مجلس میں خوشبو لگائی تو اس پر ایک ہی کفارہ یعنی ایک ہی دم واجب ہوگا اور اگر تمام بدن کو کئی مجالس میں (مختلف وقت میں ایک ہی جگہ پر یا مختلف جگہ پر خوشبو لگائی تو ہر مجلس (ہر دفعہ) کا کفارہ علیحدہ علیحدہ واجب ہوگا خواہ پہلی مجلس کا کفارہ ادا کردیا ہو یا ادا نہ کیاہو ، یہ امام ابو حنیفہ ؒ و اما م ابو یوسف ؒ کے نزدیک ہے اور امام محمد رحمہااﷲکے نزدیک جب تک پہلا کفارہ ادا نہیں کیا ایک ہی کفارہ واجب ہوگا ۱۱؎