عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
۹۔ اللہ تعالیٰ کے سوا کسی اور کی قسم کھانا اور اللہ تعالیٰ کے سوا کسی اور کے نام کی منت ماننا شرک ہے۔ ۱۰۔ سنکھ ایک دریائی جانور کا سینگ یا ہڈی ہوتی ہے جسے ہندی میں گھونگھا کہتے ہیں اسے ہندو لوگ مندروں وغیرہ میں بجاتے ہیں اور اس سے گدھے کی سی آواز نکلتی ہے اوراہل ہنود اورجاہل مسلمان اس کا سرمہ بناکر تبرک کے طور پر آنکھوں میں لگاتے ہیں۔یہ ناجائز ہے۔ ہاں اگربطور دوا کے (نہ کہ تبر ک کے لئے) اور دواؤں کے ساتھ پیس کر یامحض اسی کو لگائے تو جائز ہے۔ ۱۱۔ٹونے ٹوٹکے کرنے والے جاہل فقیر دھاگوں سے ٹھیکریاں باندھ کر درختوں میں باندھتے ہیں، اسی طرح انگوٹھی اورچھلا باندھنا جس کو کانجو پیر کی ڈھیل کہتے ہیں اور گلے یا ہاتھ پیروں میں کالی اون کا دھا گا باندھنا یہ سب رسومِ کفار وجہال ناجائز ہیں۔ ۱۲۔ ماتا رانی ماتا دیوی ٹھنڈی ماتا وغیرہ (چھوٹی بڑی) چیچک کو پوجنا (یہ ایک مرض ہے جو صفر اکے باعث لاحق ہوتاہے) جاہل لوگ اس کی تعظیم اورپرستش کرتے اور ماتا رانی وغیرہ نام رکھ کر ان کی خوشنودی کو اس بیماری کے دفعیے کا ذریعہ سمجھتے ہیں جو سراسر شرک ہے۔ ۱۳۔ اناج کے ڈھیر کے گرد لکیر کھینچنا اورکھلیان میں ننگے سرداخل نہ ہونا اوروہاں ہر گز کلام نہ کرنا اور گوگل حرمل وغیرہ کی دھونی دینا اوران امو رکے ترک کو برا جانناسب شرک اور رسوم کفار سے ہے۔ ۱۴۔ اگر کوئی شخص گھر سے روانہ ہوجائے اور بعد میں گھر میں سے کوئی بلائے تو واپس آنے کو برا سمجھنا شرک ہے۔