عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
باہر ہونے کے بعد سعی کی تو کیا اس پر صرف ایک دم جنایتِ حلق کا واجب ہوگا یا احرام کے بغیر سعی کرنے کی وجہ سے دوسرا دم بھی واجب ہوگا ۱؎ اور ظاہر یہ ہے کہ عمرہ میں اصل واجب سعی اور حلق میں ترتیب کا ہونا ہے پس اس پر ترتیب ترک کرنے کی وجہ سے دم واجب ہوگا اور احرام کے بغیر سعی کرنے کادوسرا دم واجب نہیں ہوگا جیسا کہ حج میں رمی اور حلق میں ترتیب واجب ہے پس اگر کوئی شخص رمی سے پہلے حلق کرائے گا تو اس پر ترتیب ترک کرنے کی وجہ سے دم واجب ہوگا اور رمی کے حالتِ احرام کے بغیر واقع ہونے کی وجہ سے دوسرا دم لازم نہیں ہوگا واﷲ سبحانہ وتعالیٰ اعلم ۲؎ (۵) صفا اور مروہ کے درمیان کا پورا فاصلہ طے کرنا اور وہ اس طرح پر ہے کہ اپنی دونوں ایڑیاں (پاؤں کا پچھلا حصہ ) صفا اور مروہ سے ملادے یا قدرے اوپر چڑھ جائے اور اسی طرح اگر سوار ہوتو اپنی سواری کے دونوں کُھروں (سُموں ) کا پچھلاحصہ صفا ومروہ سے ملادے اور یہ احوط ہے یا شروع کرتے وقت اپنی دونوں ایڑیاں صفا سے اور جب مروہ پر پہنچے تو اپنے دونوں پاؤں کی انگلیاں مروہ سے ملادے اور دونوں جگہ پر لوٹتے وقت اس کے برعکس عمل کرے ۳؎ اور یہی صورت اظہر ہے لیکن یہ دونوں صورتیں صدرِ اول (پہلے زمانہ ) میں ممکن تھے جبکہ صفا اور مروہ زمین سے بلند تھے لیکن اس زمانہ میں صفا ومروہ کا بہت سا حصہ زمین میں دب چکا ہے اس لئے مذکورہ بالا دونوں صورتوں کا عمل میں لانا ممکن نہیں رہا پس آج کل صفا ومروہ کے شروع حصے کے اوپر چڑھنا واجب کی ادا ئیگی کے لئے کافی ہے ۴؎ (آج کل سعودی حکومت نے نئے سرے سے مسعیٰ تعمیر کرایا ہے اور اس کے دونوں طرف کی بلندی کو ڈھلواں طریقہ پر بنادیا ہے اب بھی صفا کی بلندی کے اول حصہ پر چڑھنا جہاں سے خانہ کعبہ نظر آجائے کافی ہے،مؤلف)