عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
ہونے میں اس کی تذلیل ہے پس یہ امور تعظیم کے منافی ہیں اس لئے منع اور مکروہ تحریمی ہیں ۲؎ (۲) اگر سوار ہونے یا بوجھ لادنے پر مجبور ہوجائے تو ایساکرلے اور جب اس کی ضرورت نہ رہے تو اس فعل کو ترک کردے ۳؎۔پس اگر اس کو کرایہ پر دیا ہو تو اس کی اجرت کو فقراء پرصدقہ کردے اور اگر اس پر سوار ہوا یا اس پر بوجھ لادا اور اس کی وجہ سے ہدی میں کچھ نقصان آگیا تواس نقصان کاتاوان ادا کرنا واجب ہوگا اس نقصان کی رقم کو فقرا پر صدقہ کردے مالداروں کو نہ دے ،اگر کسی مالدار کو دیدیا تو اس کی قیمت کا ضمان دینا ہوگا یعنی اس کی مقدار فقرا پرصدقہ کرنا واجب ہوگا ۴؎ (۳) اگر ہدی کا جانور دودھ والا ہوتو اس کا دودھ نہ نکالے ، اگر ذبح کا وقت قریب ہواور دودھ کثرت سے ٹپکتا ہو اور دودھ نہ نکالنے سے نقصان ہوتو اس کے تھنوں پر ٹھنڈا پانی چھڑک دے تاکہ دودھ اترنا بند ہوجائے اور اگر ذبح کا وقت دور ہو اور دودھ نہ نکالنے سے نقصان ہوتو اس کا دودھ نکال کر فقرا پر صدقہ کردے تاکہ اس جانور کو اس سے نقصان نہ ہو اور اگر اس کو خود اپنے استعمال میں لایا یا ضائع کردیا تو اس کی قیمت کا ضامن ہوگا پس اتنا ہی دودھ یا اس کی قیمت صدقہ کرنا واجب ہے ۵ ؎۔ (۴) اس کی اون ا وربال( پشم) نفع حاصل کرنے کے لئے نہ کاٹے کیونکہ وہ ہدی قربت ( ثواب) کے لئے ہے اس لئے قربت قائم ہونے سے پہلے اس کے کسی جزاء سے نفع حاصل کرنا جائز نہیں ہے جیسا کہ قربانی کے وقت سے پہلے اس کو ذبح کرنے کی صورت میں اس کے گوشت سے نفع حاصل کرنا جائز نہیں ہے، اگر اس کی پشم کو کاٹا تو اس کو صدقہ کردے اور اگر علامت کیلئے اس کی پشم کو کسی طرف سے کاٹا تواس کو پھینک دینا یا