عمدۃ الفقہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
لو۔مثلا ً سندس یعنی لاہی( باریک ریشم ) استبرق تافتے ( موٹا ریشم ) اور ابریشم قسم قسم کے لباس اور نہایت آبدار بے شمار موتیوں وغیرہ اور جب جنتی اپنی اپنی خواہش کے مطابق تحائف پسند کرلیں گے تو ان تحفوں کو فرشتے جو اس بازارکو گھیرے ہوئے ہوں گے ان جنتیوں کے گھر پہنچادیں گے۔ ملائکہ خاص ہر ایک جنتی کو شتر اور براق عنایت کریں گے۔ جنتی اس بازار میں باہم ملاقات کریں گے۔ چھوٹے مرتبہ والابڑے مرتبہ والے کو دیکھے گا تو اس کا لباس پسند کرے گا۔ ہنوز گفتگو ختم نہ ہوگی کہ خیال کرے گا میرا لباس اس سے اچھا ہے اور یہ اس لئے کہ جنت میں کسی کیلئے غم نہیں۔ بہشت آنجا کہ آزارے نہ باشد کسے را با کسے کارے نہ باشد پھر وہاں سے اپنی اپنی قیام گاہ پر واپس آئیں گے اس وقت ان کی بیویاں ان کا استقبال کریں گی اور مبارک باددیکر کہیں گی کہ اب آپ کا حسن وجمال اس وقت سے کہیں زیادہ ہے جبکہ آپ ہمارے پاس سے گئے تھے ؟ وہ جواب دیں گے کہ پروردگار جبار کے حضور میں ہمیں بیٹھنا نصیب ہوا اس لئے ہمیں ایساہو جاناسزا وار تھا۔ عام مومنین کو اللہ تعالی کا دیدار ہر ہفتے میں جمعے کے دن ہوا کرے گا اور خاص مومنوں کوہرروز دو بار فجر اور عصر کے قت اور خاص الخاص مومنوں کو ہر وقت اور ہر گھڑی یہ نعمت عظمیٰ حاصل ہوگی۔ اور جنت میں دیدار باری تعالیٰ سے بڑھ کر کوئی نعمت نہ ہوگی۔