کتاب الصلوۃ |
دیث کی م |
|
صلاۃ التسبیح کاطریقہ : صلوۃ التسبیح کی چار رکعتیں ہیں، جن کو ایک سلام سے پڑھا جاتا ہے ، اگرچہ دو سلام سے بھی جائز ہے ۔اِس کے پڑھنے کے دو طریقے منقول ہیں ، جن میں سے کسی بھی طریقے کے مطابق یہ نماز پڑھا جاسکتی ہے۔پہلاطریقہ : اس نماز کے پڑھنے کا طریقہ جو حضرت عبداللہ بن مبارک سے ترمذی شریف میں مذکور ہے یہ ہے کہ تکبیر تحریمہ کے بعد ثنا یعنی سُبْحَانَکَ اللَّھُمَّ الخ پڑھے پھر کلمات تسبیح یعنی: سُبحَانَ اللہِ وَالْحَمدُ لِلّٰہِ وَلَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَ اللہُ اَکْبَرُ ۔ 15 مرتبہ پڑھے پھر حسب دستور اَعُوْذُ بِاللہِ و بِسْمِ اللہِ و الْحَمْدُ شریف اور سورة پڑھے پھر قیام میں ہی یعنی سورة کے بعد رکوع میں جانے سے پہلے وہی کلمات تسبیح 10 مرتبہ پڑھے، پھر رکوع کرے اور رکوع کی تسبیح کے بعد وہی کلمات 10 بار کہے، پھر رکوع سے اٹھ کر قومہ میں سمع اللہ لمن حمدہ اور ربنالک الحمد کے بعد 10 بار اور دونوں سجدوں میں سجدے کی تسبیح کے بعد 10،10بار اور دونوں سجدوں کے درمیان بیٹھنے کی حالت میں یعنی جلسہ میں10 بار وہی کلماتِ تسبیح کہے، اسی طرح ہر رکعت میں الحمد سے پہلے 15مرتبہ اور سورة ملانے کے بعد رکوع میں جانے سے پہلے قیام ہی میں 10 مرتبہ اور رکوع و قومہ اور دونوں سجدوں میں اور دونوں سجدوں کے درمیانی جلسے میں 10،10بار وہی کلمات کہے اس طرح ہر رکعت میں 75 مرتبہ اور چار رکعتوں میں 300 مرتبہ یہ کلماتِ تسبیح ہو جائیں گے اور اگر ان کلمات کے بعد”وَلَا حَولَ وَلَا قُوَّةَ اِلاَّ بِاللہ العَلِیِّ العَظِیمِ“بھی ملا لے تو بہتر ہے کیونکہ اس سے بہت ثواب ملتا ہے اور ایک روایت میں اِن الفاظ کی زیادتی منقول بھی ہے ۔