انفاس عیسی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
ہو وہ بھی وسوسہ ہے بالکل پروا نہ کی جائے، میری تقلید کی جائے، اس میں طریق تقلید ہی ہے، تحقیق مضر ہے یعنی تکلیف دہ ہے، مگر گناہ اس میں بھی نہیں۔وسوسہ عدمِ محبت الٰہی کی تحقیق : حال: مجھے آپ سے اور بزرگانِ دین سے محبت ہے لیکن خدا سے نہیں، کیا بات ہے؟ تحقیق: اگر اللہ کی محبت نہ ہوتی تو اس کی فکر ہی کیوں ہوتی کہ اللہ کی محبت ہونا چاہیے یہ خود محبت ہی کا ثمرہ ہے، رہا یہ کہ جب محبت ہے تو پھر ہوتی ہوئی کیوں نہیںمعلوم ہوتی، بات یہ ہے کہ رنگ محبت کے مختلف ہیں، تم خاص رنگ کو محبت سمجھے ہوئے ہو حالاںکہ دوسرے رنگ سے ہے، دوسرے یہ کہ اللہ والوں کی محبت کیوں ہوتی اگر اللہ کی نہ ہوتی۔وسوسہ زنا مضر نہیں : تحقیق: قلب کی تمنا واشتہا پر بھی مواخذہ ہے مگر وہی جوبقصد ہو، اور بلا قصد تو وسوسہ زنا کیا کفر وشرک کے وساوس بھی مضر نہیں۔وساوس کا انقطاعِ کلی مطلوب نہیں : تحقیق: خیالات کا انقطاعِ کلی مطلوب نہیں ہاں! منتہی کو ایسے خیالات آتے ہیں جیسے بہتے دریا میں تنکے اور بلبلے ہوتے ہیں کہ ادھر آیا اور ادھر گیا۔ ادھر اٹھا ادھر بجھا وہ جمنے نہیں پاتے وساوس اور خطرات تو بلا قصد مرتے دم تک بھی آویں تو خوف کی چیز نہیں، کیوں کہ حدیث میں ہے: إن اللّٰہ تجاوز عن أمتي ما حدثت بہ أنفسہا۔دفع وسوسات کے اعتدال کا طریقہ : تحقیق: دفعہ دفعہ وسوسات میں کوشش مبالغہ کے ساتھ نہ کریں اور اعتدال رکھیں، لیکن اعتدال ہر شخص کا جداہے جس میں تعب زیادہ ہو یا اصل مقصودیں خلل پڑنے لگے وہ اس شخص کا اعتدال نہیں اس سے بھی خفیف اور سرسری کوشش کریں۔اہتمام دفع وساوس کی ایک عجیب مثال اور اس مضرت کا علاج مع الدلیل : تحقیق: وساوس کا علاج یہ نہیں ہے کہ تم ان کے دفع کا اہتمام اور قصد کرو کیوں کہ یہ بجلی کا تار ہے، دفع کے قصد سے بھی ہاتھ لگاؤ گے تو چمٹ جائے گا۔ بلکہ اس کا علاج یہ ہے کہ اپنی توجہ کو دوسری طرف مشغول کرو، ذکر اللہ میں لگ جاؤ، دوسرا جزویہ ہے کہ وسوسہ کی طرف التفات نہ کرے قصداً ادھر توجہ نہ کرے، چناں چہ حدیث میں آیاہے فلیستعذ باللّٰہ ثم لینتہ اول جزو کا اشارہ تعوذ باللہ میں اور دوسرے جزو کا یلنتہ میں ہے۔وساوسِ مختلفہ کا علاجِ کلی اور اس کے توضیحات : حال: (۱) یہ وسوسہ ہوتاہے کہ راحتِ دنیا کا مدار اعمالِ صالحہ نہیں ہیں آخرت کی راحت بھی فضل پر موقوف ہے۔