انفاس عیسی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
جُزبہ تسلیم ورضا کے چارۂ در کف شیرِ نر خوں خوارۂہیبت وحُزن کا دستور العمل مسنون : فرمایا کہ ہیبت اور حزن مبارک اور رفیع حالات میں سے ہے، اگر اس میں ختم ہو جاوے شہادتِ کبریٰ ہے، مگر سنت کا مقتضا یہ ہے کہ جہاں تک اپنا علم وقدرت کام دے، اعتدال وتعدیل کو اپنا مُستقر اصلی بنائے، ہیبت کے ساتھ انس، اور حزن وسوئِ ظن کے ساتھ رجا ورحمت، اور فنا کے ساتھ بقا، اور نیستی کے ساتھ ہستی اور مبالغہ فی التواضع کے ساتھ مشاہدہ نعمت کا اہتمام واستحضار کرے۔غلبۂ ہیبت کے وقت کا مراقبہ : ایک طالب کو تحریر فرمایا کہ اگر آپ کو آثارِ ہیبت اور سوئِ ظن بنفسہٖ کا زیادہ غلبہ ہوا کرے تو سوچا کیجیے کہ بیش بریں نیست کہ ہم ہر حالت میں ناقص اور عاصی ہیں، تو خدا تعالیٰ کے یہاں جس طرح کاملین کی نجات ہوگی اسی طرح تائبین کی بھی ہوگی، اگر صدر نشین نہ ہوں گے تو صفِ نعال ہی میں جگہ مل رہے گے، اگر اولیت نہ ہوگی تو جوتیاں لگنے کے بعد ہی سہی، بس یہ سمجھ کر اللّٰہم اغفرلي کی کثرت کرنی چاہیے۔غلبۂ قبض کا علاج : فرمایا کہ قبض کے غلبہ کی حالت میں اکسیرِ ہدایت ترجمہ کیمیائے سعادت میں یا ثلاثین ترجمہ اربعین میں کتاب الرجاء یعنی خدا کی رحمت کی اُمید کا مضمون بار بار دیکھنا چاہیے۔شوق کا فقدان سالک کو مُضر نہیں : ایک طالب کو تحریر فرمایا کہ مذموم حالت دو ہیں: ایک معصیت، دوسری غفلت۔ رہا غلبہ (جوش وخروش) اور شوق یہ حالتِ عارضہ میں سے ہے، اس کا فقدان سالک کو مُضر نہیں اور نہ یہ کیفیت بعینہٖ قایم ودایم رہ سکتی ہے، حجابات کا آپ کو شبہ ہوگیا ہے وہ محض وہم ہے اور کچھ نہیں، اپنے کام میں سہولت اور راحت سے لگے رہیے، پریشانی سے البتہ قلب ضعیف ہو جاتا ہے جس میں مُضر ہونے کا احتمال ہے۔ ایک طالب کو تحریر فرمایا کہ نہ آپ مریض، نہ علاج کے محتاج، البتہ فن کے نہ جاننے سے اپنی صحت کی خبر نہیں۔ سو یہ بھی کوئی ضرر کی بات نہیں۔قبض کا ایک سبب امتحان ہے : ایک طالب کو تحریر فرمایا کہ قبض کے اسباب مختلف ہیں اور معالجات بھی مختلف، اگر آپ سے کوئی معصیت نہیں ہوئی اور غیر جنس لوگوں سے اختلاط بھی نہیں ہوا تو اس کا سبب امتحان ہے، توکل اور صبر سے کام لیجیے، استغفار کی کثرت رکھیے اور میرے مواعظ اور تربیت السالک دیکھیے کہ رحمتِ حق متوجہ ہو۔