انفاس عیسی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
جواب: اس میں دھوکا نہیں، طبعی بات ہے کہ جو کام اپنے ذمہ نہ ہو اس کو کرکے زیادہ خوشی ہوتی ہے کہ ہم کو بڑی دولت نصیب ہوئی کہ جو کام ہمارے ذمہ نہ تھا اس کی توفیق ہوئی، اور جوکام ذمہ ہوتاہے اس میں سمجھتا ہے کہ یہ تو کرنا ضروری ہے کون سا بڑا کمال کیا، سو امورِ طبعیہ میں انسان معذور ہے۔رقتِ قلبی کا نہ ہونا قساوتِ قلبی نہیں : حال: قساوتِ قلبی کی یہ حالت ہے کہ ہر وقت چاہتا ہوں کہ بدرگاہِ رب العزت گریہ وزاری کروں مگر آنکھ سے ایک قطرہ نہیں نکلتا۔ تحقیق: یہ قساوت نہیں، مبنی گریہ کا رقتِ قلبی ہے جوکہ غیر اختیاری ہے اور غیر اختیاری مطلوب نہیں، قساوت یہ ہے کہ معصیت کے بعد افسوس نہ ہو۔یہ بھی ایک قسم کا دوام ہے کہ کبھی ہو کبھی نہ ہو : حال: خدا جانے کیا سبب ہے کہ جب کبھی کام پابندی سے کرنا چاہتاہوں تو دوچار روز کے بعد وحشت ہونے لگتی ہے، اور کام چھوڑ بیٹھتا ہوں۔ تحقیق: بعض طبائع کا یہ جبلی خاصہ ہے، پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ ایسے شخص کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ یہ بھی ایک قسم کا دوام ہے کہ کبھی ہو اور کبھی نہ ہو۔ اسی طرح کرتے رہنے سے دوامِ حقیقی میسر ہوجاتاہے، حاصل یہ ہے کہ وہ گو دوام نہیں مگر بحکمِ دوام ہے اثر اور برکت میں۔احوالِ غیر اختیاریہ دائم نہیں ہوتے : تحقیق: احوالِ غیر اختیاریہ دائم نہیں ہوتے اور اگر دائم ہوں تو ان میں لذت نہ رہے اور اکثر اس کے مصالح اس لذت پر مبنی ہیں۔توجہ الی الکیفیات والانوار : تحقیق: قصداً انواروکیفیات کی طرف توجہ نہ کرنا چاہیے لیکن اس کی بھی ضرورت نہیں کہ اس کے دفع کا اہتمام شدید کیاجائے۔ غرض نہ استحضار اس کا کیا جائے نہ استنکار کیا جائے کہ دونوں میں التفات الی غیر المقصود ہے۔ ایک میں اثباتاً ایک میں نفیاً اور یہی التفات الی الغیر حجاب ہے۔بشارت پر رونا اقرب الی سلامت الفطرت ہے : تحقیق: بشارت کی آیتوں پر رونا آنا زیادہ اقرب الی سلامت الفطرت ہے کہ اس سے جوش زیادہ ہوتاہے اور جوش سے رونا آتاہے۔غیر اختیاری کے درپے نہ ہونا چاہیے : تحقیق: غیر اختیاری امور کا کبھی قصد نہ کریں، اس کا انجام پریشانی ہے، جو ہوجائے خدا تعالیٰ کا شکر کریں اور اصلی کام میں لگیں۔ذوقی حالت کے ابقا کی فکر پریشانی کی بنیاد ہے : تحقیق: ذوقی حالت کے ابقا یا زیادت کی فکر کرنا ہی پریشانی کی بنیاد