انفاس عیسی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
میں مشیت ومرضیٔ مولا پر بہ دل وجان راضی وخوش رہنا۔وِرد وعمل کا حصہ مطالعہ کتب سے زیادہ ہونا چاہیے : ارشاد: وِرد وعمل کا حصہ زیادہ ہونا چاہیے بہ نسبت مطالعہ کتب کے، اکثرشوقِ مطالعہ کا سبب حظِ مضمون ہوتا ہے نہ کہ حُبِّ ذکر۔مجذوب کی خدمت اور ان کی دی ہوئی چیز کا حکم : ارشاد: مجذوب کی خدمت اگر ہوسکے، کر دے، لیکن توجہ کا اُن سے ہرگز طالب نہ ہو اور اگر اُن کے حواس کی درستی میں شبہ ہو تو ان کی دی ہوئی چیز کو بھی نہ لے اگر لے لے تو اس سے لُقطہ کا معاملہ کرے۔کسل وتعطل عبدیت نہیں: تعلیم : ترکِ عمل بوجہ کسل وتعطل کو عبدیت نہ سمجھ لیا جائے۔ عبدیت کے لیے حرکت فی العمل لازم ہے۔ عبدیت یہ ہے کہ چلائیں تو چلیے، ٹھہرائیں تو ٹھہرئیے، نہ اس کی تمنا ہو، نہ اس سے انکار ہو، پھر ایسے علوم عطا ہوں گے کہ ان کے سامنے علم اَسرار بھی کچھ نہیں۔اعمال کا اثر باقی رہتا ہے : ارشاد: اعمال کے انقضا سے ان کا اثر منقضِی نہیں ہوتا بلکہ جمع رہتا ہے۔ جیسے ایک نوکر جو کام کرتا ہے، کام تو ختم ہو جاتا ہے، مگر تنخواہ چڑھ جاتی ہے مگر دن مہینے کے ختم پر ملے گی۔نسبت الی الاسباب عوام کے لیے رحمت ہے : ارشاد: عوام جو اسباب کی طرف واقعات کی نسبت کرتے ہیں، اس میں ایک بڑی غیبی مصلحت ہے، وہ یہ کہ اکثر عوام کے قلب میں حق تعالیٰ کا عشق کم ہے اور بعض حوادث طبعاً ناگوار ہوتے ہیں اگر ان لوگوں کی نظر اسباب پر نہ ہو اور براہِ راست حق تعالیٰ کی طرف نسبت کریں تو حق تعالیٰ کی طرف سے قلب میں ناگواری وکراہت پیدا ہو تو نسبت الی الاسباب وقایہ ہے، اس کی یہ بڑی حکمت ہے، اس حکمت پر نظر کرکے عوام کی اس نسبت کو رحمت اور غنیمت سمجھنا چاہیے۔رزقِ بے فکری کی حقیقت : ارشاد: دنیا میں رزق بے فکری سے ملنے کی حقیقت وہ ہے جس کو حق سبحانہ تعالیٰ نے اس آیت میں خالصۃ سے تعبیر فرمایا ہے: {قُلْ مَنْ حَرَّمَ زِیْنَۃَ اﷲِ الَّتِیْٓ اَخْرَجَ لِعِبَادِہٖ وَالطَّیِّبٰتِ مِنَ الرِّزْقِط قُلْ ہِیَ لِلَّذِیْنَ ٰامَنُوْا فِی الْحَیٰوۃِ الدُّنْیَا خَالِصَۃً یَّوْمَ الْقِیٰمَۃِط} [الأعراف: ۳۲] یعنی دنیا میں بے فکری کا رزق وہ ہے جس پر کوئی وبال یا کسی قسم کا مواخذہ آخرت میں نہ ہو۔مجاہدہ کی توفیق علامتِ وصول ہے : ارشاد: اگر خدا تعالیٰ نے مجاہدہ کی توفیق دے رکھی ہو تو سمجھ لیں کہ ان نشاء اللہ تعالیٰ ضرور رسائی ہوگی کیوں کہ مجاہدہ پر رسائی کا وعدہ ہے اور وعدہ خلافی کا احتمال نہیں۔