انفاس عیسی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
بوجہ مجاہدہ وسوسہ پر مواخذہ نہیں: ہمارے خواجہ صاحب نے ایک بار لکھا کہ بعض اوقات تو اپنے خیالات وساوس کو بالکل کفریہ سمجھ کر سخت مایوسی اور یاس کے عالم میں ہوجاتا ہوں۔ جواب میں تحریر فرمایا: کفر کیا وہ تو معصیت بھی نہیں، ذرا اندیشہ نہ کریں، وسوسہ پر ذرا مواخذہ نہیں، بلکہ اس میں ایک گونہ مجاہدہ ہے جس سے قرب بڑھتا ہے اور شیطان اس راز سے ناواقف ہے ورنہ کبھی وسوسہ نہ ڈالے۔ناشکری مذموم کی تعریف : ایک نے لکھا کہ چوری ہوگئی ہے، اس کا افسوس سوچنے سے بھی نہیں ہوتا۔ کہیں حق تعالی کی نعمتوں کی ناقدری وناشکری تو نہیں؟ تحریر فرمایا کہ چوری کا حال سُن کر چوری کا افسوس اور آپ کے استقلال پر مسرور ہوا، ناشکری کا احتمال عجیب ہے، ناشکری جو مذموم ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ ناشی ہے منعم کی بے تعلقی سے اور جو چیز منعم کی غایتِ تعلق سے ناشی ہو وہ محمود ہے، اگر اس کا نام کسی کی اصطلاح میں ناشکری ہو، وہ حقیقتاً ناشکری نہ ہوگی گو صورتًا ہو۔خطرات کا علاج : ان کے دفع کا قصد نہ کیا جاوے، بلکہ اپنے کام میں زیادہ متوجہ ہونے سے سب از خود دفع ہو جاویں گے۔آلہ مستلزم فعل نیست : ایک طالب نے بذریعہ عریضۂ فارسی بغرض حفاظت بندوق رکھنے کی اجازت طلب کی حضرت والا نے استفسار فرمایا کہ: اجازت گرفتن چہ مصلحت است انھوں نے لکھا کہ قبل ازیں مریض کبر وزیرِ علاجِ حضرت بودم، بندوق آلہ کبر معلوم می شود۔ اس پر یہ جواب تحریر فرمایا: مگر آلہ مستلزم فعل نیست۔ چناں چہ آلہ زنا نزد ہر کس است وقطعش واجب نیست۔ ف: چوں کہ ان حضرات کے دل پاک صاف ہوتے ہیں اور طبیعت میں بے تکلفی اور سادگی ہوتی ہے، اس لیے انہیں ایسی باتوں کے کہہ ڈالنے میں کچھ تامل نہیں ہوتا۔تصنیف کا صحیح ہونا مصنف کے صالح اور مصلح ہونے کی دلیل نہیں : ایک ذی علم مولوی نے لکھا: جناب کے بعض مطبوعہ وعظ اور تصانیف پڑھیں، جن سے بیعت کے شوق میں زیادئی ہوتی۔ تحریر فرمایا: مبنیٰ نہایت ضعیف ہے، تصنیف کا صحیح ہونا مصنف کے صالح ہونے کی بھی دلیل نہیں نہ کہ مصلح ہونے کی۔بیعت کے لیے مناسبت شرطِ بیعت ہے : ان ہی صاحب نے لکھا ہے کہ میں شیروانی، قمیص، ڈھیلی مہری کا پاجامہ، بوٹ جوتا اور ترکی ٹوپی پہنتا ہوں، داڑھی فی الحال دو ڈھائی انگل لمبی ہے بڑھانیکا ارادہ کر رہا ہوں۔ جواب: میں صدق سے بہت خوش ہوا، میں اس کی جزا میں صدق ہی سے کام لیتا ہوں، وہ یہ کہ آپ کا ظاہر خراب میرا باطن خراب ایسی حالت میں مناسبت مفقود اور خدمتِ مزعومہ (تعلیمِ بیعت) کے لیے مناسبت شرط۔